سال 2026 میں سونے کی قیمت کہاں تک پہنچ جائے گی؟ پیشگوئیاں سامنے آگئیں

Gold prices in Pakistan Today - January 14, 2025
سونا گزشتہ چند برسوں میں سرمایہ کاری کے میدان میں نمایاں رہا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ رجحان آئندہ سال بھی جاری رہ سکتا ہے۔
عالمی مالیاتی اداروں کی نئی رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ 2026 کے دوران سونے کی قیمتیں نئی بلندیوں کو چھو سکتی ہیں۔ عالمی سطح پر معاشی دباؤ اور غیر یقینی صورتحال اس رجحان کی بڑی وجہ بتائی جا رہی ہے۔
بین الاقوامی سرمایہ کاری بینکوں کی پیش گوئیوں کے مطابق سال کے اختتام تک سونا تاریخی سطح پر پہنچ سکتا ہے۔ معروف سرمایہ کاری بینک گولڈمین سیکس کا کہنا ہے کہ 2026 کے آخر تک سونے کی قیمت تقریباً 4 ہزار 900 ڈالر فی اونس تک جا سکتی ہے۔ بینک کے مطابق عالمی منڈی میں مضبوط طلب اور معاشی خدشات قیمتوں کو سہارا دے رہے ہیں۔
جے پی مورگن نے اس سے بھی زیادہ بلند اندازہ پیش کیا ہے۔ بینک کے مطابق 2026 کے اختتام پر سونے کی قیمت 5 ہزار 55 ڈالر فی اونس تک پہنچنے کا امکان ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مرکزی بینکوں کی جانب سے بڑے پیمانے پر سونے کی خریداری اور نرم مالیاتی پالیسیاں اس اضافے کی اہم وجوہات ہیں۔
ڈوئچے بینک نے نسبتاً محتاط رائے دی ہے۔ اس کے مطابق 2026 میں سونے کی اوسط قیمت 4 ہزار 450 ڈالر فی اونس رہ سکتی ہے۔ تاہم قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا امکان موجود ہے اور یہ 3 ہزار 950 سے 4 ہزار 950 ڈالر کے درمیان رہ سکتی ہیں۔
مورگن اسٹینلے نے بھی محتاط انداز اپنایا ہے اور سونے کی قیمت 4 ہزار 400 ڈالر فی اونس تک رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔ بینک آف امریکا کے مطابق اوسط قیمت 4 ہزار 538 ڈالر ہو سکتی ہے، جبکہ سازگار حالات میں یہ 5 ہزار ڈالر کے قریب بھی جا سکتی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ سونے کی قیمتوں میں اضافے کی بڑی وجوہات میں مرکزی بینکوں کی جانب سے ذخائر میں اضافہ، ممکنہ شرح سود میں کمی اور عالمی سیاسی و معاشی غیر یقینی شامل ہے۔ ابھرتی ہوئی معیشتوں کے مرکزی بینک سونے کو محفوظ سرمایہ کاری سمجھتے ہوئے اپنے ذخائر میں شامل کر رہے ہیں۔
دوسری جانب بعض ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ قلیل مدت میں قیمتوں میں کمی بیشی بھی ہو سکتی ہے۔ اگر امریکی ڈالر مضبوط ہوا یا شرح سود میں کمی نہ ہو سکی تو سونے پر دباؤ آ سکتا ہے۔ اس کے باوجود مالی تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ سونا طویل المدتی سرمایہ کاری کے لیے ایک مضبوط اور محفوظ انتخاب رہے گا۔
Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










