بدھ، 14-جنوری،2026
بدھ 1447/07/25هـ (14-01-2026م)

نئے کرنسی نوٹ کب دستیاب ہونگے؟ بڑی خبر آگئی

12 جنوری, 2026 15:20

پاکستان میں نئے کرنسی نوٹ متعارف کروانے کی تیاری مکمل کر لی گئی ہے، تاہم حتمی ڈیزائن کی منظوری کے لیے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو وفاقی حکومت کی اجازت کا انتظار ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سیکیورٹی پرنٹنگ کارپوریشن نے کہا ہے کہ نئے نوٹ جدید سیکیورٹی فیچرز سے آراستہ ہوں گے، تاکہ جعلی نوٹ بنانے کی کوششوں کو ناکام بنایا جا سکے۔ تاہم اب تک نوٹوں کے حتمی ڈیزائن موصول نہیں ہوئے۔

حکام کے مطابق جیسے ہی منظوری ملے گی، نئی کرنسی کی چھپائی میں کم از کم دو ماہ کا وقت لگے گا۔ اس کے لیے جدید مشینری پہلے ہی تیار اور دستیاب ہے۔

سیکیورٹی پرنٹنگ کارپوریشن کے سینئر منیجر پرنٹنگ عامر شمس نے بتایا کہ اسٹیٹ بینک اور سیکیورٹی پرنٹنگ کارپوریشن کے درمیان نئی کرنسی کی چھپائی کے حوالے سے مشاورت ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ ابھی زیر غور ہے کہ نئی کرنسی کے نوٹ مرحلہ وار متعارف کروائے جائیں گے یا تمام مالیت کے نوٹ ایک ساتھ۔

ذرائع کے مطابق نئے ڈیزائن والے کرنسی نوٹوں کی چھپائی کا باضابطہ آرڈر وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد دیا جائے گا۔ اسٹیٹ بینک نے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن شارٹ لسٹ کر کے حکومت کو ارسال کر دیے ہیں۔

مزید بتایا گیا ہے کہ کابینہ کی منظوری کی صورت میں 2026 کے آخر میں نئے ڈیزائن والی کرنسی کے نوٹ مارکیٹ میں جاری کیے جا سکتے ہیں۔ اس اقدام سے نہ صرف کرنسی کی سکیورٹی مضبوط ہوگی بلکہ ملکی مالیاتی نظام میں شفافیت بھی بڑھے گی۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔