جمعرات، 15-جنوری،2026
جمعرات 1447/07/26هـ (15-01-2026م)

نئے کرنسی نوٹ کا ڈیزائن کیسا ہوگا اور مارکیٹ میں کب آئیں گے؟ بڑی خبر آگئی

15 جنوری, 2026 10:44

حکومت نے نئے ڈیزائن کے کرنسی نوٹ چھاپنے کا باقاعدہ فیصلہ کر لیا ہے۔

نئے ڈیزائن کے کرنسی نوٹ کی منظوری وفاقی کابینہ کے اجلاس میں دی گئی، جس کی صدارت وزیراعظم شہباز شریف نے کی۔ اجلاس وزیراعظم ہاؤس میں منعقد ہوا، جہاں ملکی معاشی اور انتظامی امور پر بھی غور کیا گیا۔

کابینہ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ 100، 500، 1000 اور 5000 روپے کے نوٹوں کے نئے ڈیزائن متعارف کروائے جائیں گے۔ یہ نوٹ عالمی معیار کے مطابق تیار کیے جا رہے ہیں۔ اس مقصد کے لیے بین الاقوامی ماہرین کی خدمات حاصل کی گئی ہیں تاکہ کرنسی کو جدید اور محفوظ بنایا جا سکے۔

حکام کے مطابق جعلی نوٹوں کی روک تھام کے لیے نئے بینک نوٹس میں جدید سیکیورٹی فیچرز شامل ہوں گے۔ ان میں مضبوط سیکیورٹی تھریڈز، جدید واٹر مارکس اور دیگر حفاظتی نشانیاں شامل کی جائیں گی، جو جعل سازی کو مشکل بنا دیں گی۔

نئے کرنسی نوٹس کے ڈیزائن میں پاکستان کے مختلف علاقوں کی ثقافت، جغرافیائی خوبصورتی اور تاریخی مقامات کو نمایاں کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ خواتین کے قومی ترقی میں کردار اور موسمیاتی تبدیلی جیسے اہم موضوعات کو بھی اجاگر کیا جائے گا، تاکہ کرنسی کے ذریعے قومی تشخص کو سامنے لایا جا سکے۔

کابینہ نے یہ بھی فیصلہ کیا کہ نئے ڈیزائن کے حتمی اجراء سے قبل مزید جائزے کے لیے ایک خصوصی کابینہ کمیٹی قائم کی جائے گی۔ یہ کمیٹی ڈیزائنز کا تفصیلی معائنہ کرے گی اور اپنی سفارشات پیش کرے گی۔

اجلاس میں نجی حج پالیسی 2027 سے 2030 کے مسودے پر بھی بات ہوئی۔ کابینہ نے ہدایت دی کہ اس مسودے کو مزید غور کے لیے حج پالیسی کمیٹی کو واپس بھجوا دیا جائے۔ پالیسی میں نجی حج آپریٹرز کی رجسٹریشن اور تھرڈ پارٹی ویریفکیشن سے متعلق امور شامل ہیں۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔