منگل، 20-جنوری،2026
منگل 1447/08/01هـ (20-01-2026م)

تنخواہ دار طبقے کیلئے بڑی خوشخبری آگئی

20 جنوری, 2026 10:43

وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال کے بجٹ سے متعلق اہم تیاریوں کا آغاز کر دیا ہے، جس میں تنخواہ دار طبقے اور رجسٹرڈ کاروباری افراد کو ریلیف دینے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

حکومتی ذرائع کے مطابق آنے والے بجٹ میں ٹیکس دہندگان کو سہولت دینے کے لیے مختلف اقدامات شامل کیے جائیں گے تاکہ عام آدمی پر مالی دباؤ کم ہو سکے۔

مشیر خزانہ خرم شہزاد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت ایک جامع ریلیف پیکج پر کام کر رہی ہے، جس کا مقصد تنخواہ دار افراد اور دستاویزی معیشت سے وابستہ کاروباروں کو سہولت فراہم کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بجلی اور گیس کی قیمتوں میں کمی کے امکانات پر بھی غور کیا جا رہا ہے، جبکہ ٹیکس نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اصلاحات تجویز کی گئی ہیں۔

خرم شہزاد کے مطابق رواں مالی سال میں ملکی معیشت میں بہتری کے آثار نظر آ رہے ہیں اور مجموعی قومی پیداوار میں تقریباً 4 فیصد تک اضافہ متوقع ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اگلے مالی سال میں یہ شرح 5 فیصد تک پہنچ سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بیرونی مالی استحکام کے لیے ترسیلات زر کا حجم 41 ارب ڈالر سے تجاوز کرنے کا امکان ہے، جو معیشت کے لیے خوش آئند ہوگا۔

مشیر خزانہ نے آئی ایم ایف کے ساتھ جاری مذاکرات کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ حکومت اس بار زیادہ محتاط اور دیرپا معاشی حکمت عملی اپنا رہی ہے تاکہ بار بار مالی بحران سے بچا جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ ایسے 24 سرکاری ادارے جو مسلسل خسارے کا باعث بن رہے ہیں، انہیں نجکاری کے عمل میں لایا جائے گا تاکہ قومی خزانے پر بوجھ کم کیا جا سکے۔

مہنگائی سے متعلق بات کرتے ہوئے خرم شہزاد نے کہا کہ افراط زر کی شرح میں نمایاں کمی آئی ہے اور یہ 25 سے 30 فیصد کی سطح سے کم ہو کر تقریباً 5 فیصد تک آ گئی ہے۔ حکومت کی کوشش ہے کہ عوام کی آمدن میں اضافہ ہو، جس سے نہ صرف خریداری کی طاقت بڑھے بلکہ برآمدات اور طویل مدتی معاشی ترقی کو بھی فروغ ملے۔

انہوں نے ٹیکس وصولیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ سال وفاقی حکومت نے 13 کھرب روپے سے زائد ٹیکس جمع کیا، تاہم ٹیکس ٹو جی ڈی پی شرح اب بھی 11.3 فیصد ہے، جو عالمی معیار 18 فیصد سے کافی کم ہے۔ حکومت آئندہ برسوں میں اس فرق کو کم کرنے کے لیے اصلاحات متعارف کروانے کا ارادہ رکھتی ہے۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔