منگل، 20-جنوری،2026
منگل 1447/08/01هـ (20-01-2026م)

وزیرخزانہ نے عوام کو بڑی خوشخبریاں سنادیں

20 جنوری, 2026 15:38

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت میں واضح بہتری آ چکی ہے اور اہم معاشی اشاریے مثبت سمت میں جا رہے ہیں۔

 ڈیوس میں بلوم برگ کو دیے گئے انٹرویو میں وزیر خزانہ نے بتایا کہ مہنگائی میں کمی، شرح سود میں استحکام اور مالی خسارے میں بہتری اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت کی معاشی پالیسی درست سمت میں آگے بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ پائیدار ترقی کے لیے اصلاحات کا عمل جاری رکھنا ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی جو ایک وقت میں 40 فیصد تک پہنچ گئی تھی، اب نمایاں حد تک کم ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ایک بار پھر پرائمری مالی سرپلس حاصل کر لیا ہے، جو معاشی استحکام کی بڑی علامت ہے۔ عالمی ریٹنگ ایجنسیوں کی جانب سے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری بھی اعتماد کی بحالی کا ثبوت ہے۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان چار سال بعد عالمی بانڈ مارکیٹ میں واپسی کی تیاری کر رہا ہے۔ آئندہ چند ہفتوں میں مالی مشیروں کے انتخاب کے لیے تجاویز طلب کی جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت ڈالر، یورو یا اسلامی سکوک بانڈ کے اجراء کے مختلف آپشنز پر غور کر رہی ہے۔ اس کے علاوہ پاکستان اپنی تاریخ کا پہلا پانڈا بانڈ جاری کرنے کی تیاری بھی کر رہا ہے۔

وزیر خزانہ کے مطابق جون تک زرمبادلہ کے ذخائر تین ماہ کی درآمدات کے برابر ہونے کی امید ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت روپے پر کوئی فوری دباؤ نہیں ہے، جبکہ ترسیلات زر اور خدمات کی برآمدات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ قومی ایئرلائن کے بعد دیگر سرکاری اداروں کی نجکاری پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومت کی ترجیح برآمدات پر مبنی ترقی ہے، تاکہ معیشت کو مضبوط بنیادوں پر استوار کیا جا سکے اور آئندہ برسوں میں پائیدار اقتصادی ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔