سوئی سدرن کا 48 گھنٹے گیس بند رکھنے کا اعلان

Sui Southern announces 48-hour gas suspension
سوئی سدرن گیس کمپنی نے ایک بار پھر گیس کی فراہمی سے متعلق اہم اعلان کر دیا ہے۔
ترجمان کے مطابق سرد موسم میں گیس کی طلب میں اضافے کے باعث صنعتوں اور سی این جی سیکٹر کے لیے گیس کی سپلائی عارضی طور پر معطل کی جا رہی ہے۔ یہ بندش 24 جنوری سے شروع ہو کر 48 گھنٹوں تک جاری رہے گی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ گیس کی قلت کے پیش نظر یہ فیصلہ گھریلو اور کمرشل صارفین کو بہتر پریشر فراہم کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔ اس فیصلے کے تحت صنعتوں، کیپٹو پاور پلانٹس اور سی این جی اسٹیشنز کو ہفتے کی صبح 8 بجے سے پیر کی صبح 8 بجے تک گیس فراہم نہیں کی جائے گی۔
سوئی سدرن کے مطابق گھریلو صارفین پہلے ہی سردیوں کے شیڈول کے تحت متاثر ہیں، جہاں رات 10 بجے سے صبح 5 بجے تک گیس بند رہتی ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ ترجیحی بنیادوں پر گھریلو صارفین کو گیس فراہم کی جا رہی ہے تاکہ روزمرہ ضروریات متاثر نہ ہوں۔
ذرائع کے مطابق حالیہ دنوں میں گیس کی طلب میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے، جس کے باعث پریشر برقرار رکھنا مشکل ہو گیا تھا۔ اسی وجہ سے صنعتی شعبے کو وقتی طور پر گیس کی فراہمی روکنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل بھی سوئی سدرن کی جانب سے اسی نوعیت کا اقدام کیا گیا تھا، جس پر صنعتی حلقوں نے تشویش کا اظہار کیا تھا۔ تاہم کمپنی کا مؤقف ہے کہ یہ اقدام عارضی ہے اور صورتحال بہتر ہوتے ہی گیس کی فراہمی بحال کر دی جائے گی۔
Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












