سال 2026 کے آخر تک سونے کی قیمت کہاں تک جائیگی؟ نئی پیشگوئی سامنے آگئی

Gold prices in Pakistan Today - February 2, 2025
عالمی مالیاتی ادارے گولڈ مین سیکس نے سونے کی قیمت سے متعلق نئی پیشگوئی جاری کر دی ہے، جس نے سرمایہ کاروں کی توجہ ایک بار پھر سونے کی جانب مبذول کروا دی ہے۔
ادارے کے مطابق سال 2026 کے اختتام تک سونے کی فی اونس قیمت 5 ہزار 400 ڈالر تک پہنچ سکتی ہے۔ یہ اندازہ عالمی مالیاتی حالات اور سرمایہ کاری کے موجودہ رجحانات کو دیکھتے ہوئے لگایا گیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سونے کی قیمت میں اضافے کی بڑی وجہ نجی سرمایہ کاروں اور ابھرتی ہوئی معیشتوں کے مرکزی بینکوں کی جانب سے سونے کی بڑھتی ہوئی خریداری ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں معاشی بے یقینی، سیاسی کشیدگی اور پالیسی خدشات کے باعث سرمایہ کار سونے کو محفوظ سرمایہ کاری سمجھ رہے ہیں۔
گولڈ مین سیکس کے مطابق حالیہ دنوں میں اسپاٹ گولڈ کی قیمت 5097 ڈالر فی اونس تک پہنچ چکی ہے، جو اب تک کی بلند ترین سطح ہے۔ رواں سال کے آغاز سے اب تک سونے کی قیمت میں 13 فیصد سے زائد اضافہ ہو چکا ہے، جبکہ گزشتہ برس مجموعی طور پر 64 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا، جو غیر معمولی سمجھا جا رہا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ادارہ یہ توقع رکھتا ہے کہ نجی سرمایہ کار 2026 کے دوران اپنے سونے کے ذخائر فروخت نہیں کریں گے۔ یہی وجہ ہے کہ مارکیٹ میں سونے کی سپلائی محدود اور طلب مسلسل بڑھ رہی ہے، جس سے قیمتوں کو سہارا مل رہا ہے۔
ماہرین کے مطابق ابھرتی ہوئی معیشتوں کے مرکزی بینک بھی اپنے زرِمبادلہ کے ذخائر کو متوازن بنانے کے لیے سونے کی خریداری بڑھا رہے ہیں۔ اس کا مقصد ڈالر اور دیگر کرنسیوں پر انحصار کم کرنا ہے۔ یہی رجحان عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت کو مزید مضبوط بنا رہا ہے۔
اقتصادی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر عالمی مالیاتی غیر یقینی صورتحال اور جغرافیائی کشیدگیاں برقرار رہیں تو سونا آئندہ بھی سرمایہ کاروں کے لیے محفوظ ترین انتخاب بنا رہے گا۔ ایسی صورت میں گولڈ مین سیکس کی پیشگوئی درست ثابت ہونے کے امکانات کافی مضبوط ہیں۔
Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











