جمعہ، 6-فروری،2026
جمعہ 1447/08/18هـ (06-02-2026م)

تاریخی کمی کے بعد سونے اور چاندی کی قیمتوں میں اچانک بڑا اضافہ

03 فروری, 2026 09:40

شدید فروخت کے دباؤ کے بعد منگل کے روز عالمی مارکیٹ میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا۔ دونوں دھاتوں کی قیمتیں دو فیصد سے زیادہ بڑھ گئیں۔

یہ بحالی اس وقت سامنے آئی جب امریکی فیڈ چیئرمین کے لیے کیون وارش کی نامزدگی اور سی ایم ای گروپ کی جانب سے مارجن کی شرائط سخت کرنے کے فیصلے کے باعث قیمتی دھاتیں ایک ماہ کی کم ترین سطح تک گر گئی تھیں۔ سرمایہ کار محتاط ہو گئے تھے اور مارکیٹ میں دباؤ بڑھ گیا تھا۔

رائٹرز کے مطابق اسپاٹ گولڈ کی قیمت 2.2 فیصد اضافے کے ساتھ 4,767.33 ڈالر فی اونس تک پہنچ گئی۔ ایک دن قبل سونا تقریباً ایک ماہ کی کم ترین سطح پر آ گیا تھا۔ یاد رہے کہ چند دن پہلے جمعرات کو سونے نے 5,594.82 ڈالر فی اونس کی تاریخی بلند سطح بھی دیکھی تھی۔ اپریل ڈیلیوری کے لیے امریکی گولڈ فیوچرز بھی 3 فیصد بڑھ کر 4,791.10 ڈالر فی اونس ہو گئے۔

مارکیٹ ماہرین کا کہنا ہے کہ حالیہ اضافے کے بعد قیمتیں زیادہ متوازن سطح پر آ گئی ہیں۔ ان کے مطابق گزشتہ ہفتوں میں مارکیٹ میں غیر معمولی اتار چڑھاؤ رہا، جس کی وجہ سے قیمتیں حد سے زیادہ اوپر نیچے ہو رہی تھیں۔ اب کی بحالی قیمتوں کو جنوری کے دوسرے نصف میں موجود سطح کے قریب لے آئی ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق جنوری کے مہینے میں سونے کی قیمت میں تقریباً 13 فیصد اضافہ ہوا تھا، جو نومبر 2009 کے بعد سب سے بڑی ماہانہ بڑھوتری سمجھی جاتی ہے۔ اسی دوران چاندی کی قیمت میں بھی 19 فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ تاہم ڈالر کی مضبوطی اور مارجن کی شرائط سخت ہونے سے بعد میں دباؤ پیدا ہوا۔

سی ایم ای گروپ نے پیر کو مارکیٹ بند ہونے کے بعد قیمتی دھاتوں کے فیوچرز پر مارجن کی ضروریات بڑھا دیں۔ دوسری جانب امریکی لیبر بیورو نے بتایا ہے کہ جزوی سرکاری شٹ ڈاؤن کے باعث جنوری کی ملازمتوں سے متعلق رپورٹ جمعے کو جاری نہیں کی جائے گی، جس سے مارکیٹ میں بے یقینی برقرار ہے۔

سرمایہ کاروں کی توقع ہے کہ 2026 میں فیڈرل ریزرو کم از کم دو بار شرح سود میں کمی کر سکتا ہے۔ عام طور پر کم شرح سود کے ماحول میں سونا، جو منافع نہیں دیتا، بہتر کارکردگی دکھاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ طویل مدتی سرمایہ کار اب بھی سونے میں دلچسپی لے رہے ہیں۔

اسپاٹ سلور کی قیمت 2.8 فیصد اضافے کے ساتھ 81.61 ڈالر فی اونس تک پہنچ گئی۔ پلاٹینم کی قیمت میں معمولی اضافہ ہوا، جبکہ پیلیڈیم میں ہلکی سی کمی دیکھی گئی۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔