جمعہ، 6-فروری،2026
جمعہ 1447/08/18هـ (06-02-2026م)

پیٹرولیم مصنوعات سے متعلق بڑی خبر آگئی

05 فروری, 2026 10:41

جاری مالی سال 2025-26 کے ابتدائی سات ماہ میں ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

 انڈسٹری ذرائع کے مطابق جولائی سے جنوری تک پیٹرولیم مصنوعات کی مجموعی فروخت میں سالانہ بنیادوں پر 3 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ یہ رجحان ملک میں معاشی سرگرمیوں میں بہتری اور ٹرانسپورٹ کے بڑھتے استعمال کی عکاسی کرتا ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے سات ماہ میں مجموعی طور پر 9.67 ملین ٹن پیٹرولیم مصنوعات فروخت ہوئیں۔ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں یہ فروخت 9.41 ملین ٹن رہی تھی۔ اس طرح طلب میں واضح اضافہ سامنے آیا ہے۔ صرف جنوری کے مہینے میں 1.52 ملین ٹن پیٹرولیم مصنوعات فروخت ہوئیں، جو گزشتہ سال جنوری کے مقابلے میں تقریباً 10 فیصد زیادہ ہیں۔

ماہانہ بنیادوں پر بھی فروخت میں تیزی دیکھی گئی۔ دسمبر کے مقابلے میں جنوری کے دوران پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں 12 فیصد اضافہ ہوا۔ دسمبر میں ملک بھر میں تقریباً 1.35 ملین ٹن مصنوعات فروخت ہوئیں، جو جنوری میں بڑھ گئیں۔

تفصیلات کے مطابق سات ماہ کی مدت میں پیٹرول کی فروخت 4.50 ملین ٹن رہی، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فروخت 4.24 ملین ٹن تک پہنچ گئی۔ اسی عرصے میں فرنس آئل کی فروخت 0.26 ملین ٹن ریکارڈ کی گئی۔ گزشتہ مالی سال کے اسی دورانیے میں پیٹرول کی فروخت 4.37 ملین ٹن، ڈیزل کی فروخت 4.06 ملین ٹن اور فرنس آئل کی فروخت 0.41 ملین ٹن تھی۔

اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ پیٹرول کی فروخت میں سالانہ بنیادوں پر 3 فیصد اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فروخت میں 4 فیصد اضافہ ہوا۔ اس کے برعکس فرنس آئل کی فروخت میں 36 فیصد کی نمایاں کمی دیکھنے میں آئی۔ ماہرین کے مطابق بجلی کی پیداوار میں متبادل ذرائع کے استعمال اور فرنس آئل پر انحصار کم ہونے کی وجہ سے اس کی طلب میں کمی آ رہی ہے۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔