پیر، 9-فروری،2026
پیر 1447/08/21هـ (09-02-2026م)

سولر سسٹم استعمال کرنے والے خبردار!!! وزیر توانائی کا اہم اعلان

09 فروری, 2026 11:19

وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا ہے کہ حکومت کی نئی مجوزہ سولر پالیسی صرف نئے صارفین پر لاگو ہوگی۔ موجودہ صارفین اس سے متاثر نہیں ہوں گے۔

نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے واضح کیا کہ ریاست کے لیے کروڑوں صارفین کو بھاری سبسڈی فراہم کرنا ممکن نہیں رہا۔

اویس لغاری نے بتایا کہ بجلی کے شعبے میں اصلاحات کے نتیجے میں صنعتی صارفین کے لیے بجلی کے نرخ اب خطے کے دیگر ممالک کے قریب پہنچ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بعض دعوے غلط ہیں، جیسے کہ بنگلہ دیش میں بجلی صرف چھ سے سات سینٹ فی یونٹ میں دستیاب ہے۔ زمینی حقائق مختلف ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ کم بجلی استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد تیزی سے بڑھ گئی ہے۔ ماضی میں 200 یونٹس سے کم استعمال کرنے والے صارفین چند ملین تھے، جو اب کروڑوں تک پہنچ چکے ہیں۔ ایسے صارفین کو بھاری سبسڈی دینا حکومت کے لیے مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ قبل ازیں حکومت نے بتایا تھا کہ کم یونٹس استعمال کرنے والے صارفین کو 70 فیصد تک سبسڈی دی جاتی رہی ہے۔

اویس لغاری نے کہا کہ بعض صاحب حیثیت افراد سولر سسٹم لگانے کے بعد بجلی کی کھپت کم ظاہر کرتے ہیں اور رعایتی صارفین کی فہرست میں شامل ہو جاتے ہیں، جس سے سبسڈی کا بوجھ بڑھ جاتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اتنے بڑے طبقے کو تقریباً 70 فیصد رعایت دینا معاشی طور پر پائیدار نہیں۔

واضح رہے کہ حکومت ماضی میں بھی عندیہ دے چکی ہے کہ سولر اور نیٹ میٹرنگ پالیسی میں ایسی تبدیلیاں کی جا سکتی ہیں جو بجلی کے شعبے پر مالی دباؤ کم کریں اور دیگر صارفین پر اضافی بوجھ نہ ڈالیں۔

توانائی کے ماہرین کے مطابق حکومت بجلی کے شعبے میں اصلاحات، نرخوں کو متوازن بنانے اور قومی گرڈ کو مستحکم کرنے کے لیے مختلف پالیسی آپشنز پر غور کر رہی ہے۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔