منگل، 10-فروری،2026
منگل 1447/08/22هـ (10-02-2026م)

سولر صارفین کیلئے بُری خبر آگئی

10 فروری, 2026 11:20

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے نیشنل گرڈ کو سولر بجلی خریدنے کے ریٹس میں بڑی کمی کر دی ہے۔ نئے ریگولیشنز 2026 کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے، جس کے مطابق نئے اور پرانے صارفین کے لیے قواعد میں فرق کیا گیا ہے۔

پرانے سولر صارفین اپنی بجلی نیشنل گرڈ کو پرانے ریٹس 25 روپے 32 پیسے فی یونٹ پر بیچ سکیں گے۔ تاہم نئے صارفین کے لیے فی یونٹ ریٹ میں بڑی کمی کر دی گئی ہے اور انہیں اب صرف 8 روپے 13 پیسے فی یونٹ ملیں گے۔ یعنی نئے صارفین کی فی یونٹ قیمت پرانے صارفین کے مقابلے میں تقریباً تین گنا کم ہو گئی ہے۔

نئے ریگولیشنز کے تحت نیٹ بلنگ کا بھی نیا نظام متعارف کروا دیا گیا ہے۔ اب صارفین کا یونٹ سرکاری یونٹ کے برابر نہیں ہوگا بلکہ نیشنل گرڈ سے خریدی گئی بجلی کی فی یونٹ قیمت حکومتی ٹیرف اور سلیبس کے مطابق ہوگی۔ اس کے علاوہ نئے نیٹ میٹرنگ صارفین کے لیے لائسنس کی مدت بھی سات سال سے کم کر کے پانچ سال کر دی گئی ہے۔

پاور پلاننگ اینڈ مانیٹرنگ کمپنی کے مطابق ملک میں اس وقت 7 ہزار میگاواٹ کی صلاحیت کے نیٹ میٹرنگ سولر سسٹمز موجود ہیں۔ جبکہ 13 سے 14 ہزار میگاواٹ صلاحیت کے صارفین کا تخمینہ ہے جو آف گرڈ بجلی پیدا کر رہے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ نئے ریگولیشنز کے بعد آف گرڈ سولر سسٹمز لگانے کا رجحان بڑھ سکتا ہے۔

ملک میں سولر نیٹ میٹرنگ صارفین کی کل تعداد 4 لاکھ 66 ہزار ہے۔ پاور پلاننگ اینڈ مانیٹرنگ کمپنی کی رپورٹ کے مطابق سولر صارفین کا 82 فیصد بڑے شہروں میں ہے۔ لاہور میں 24 فیصد، ملتان میں 11 فیصد، راولپنڈی میں 9 فیصد، کراچی میں 7 فیصد اور فیصل آباد میں 6 فیصد صارفین ہیں۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔