بدھ، 11-فروری،2026
بدھ 1447/08/23هـ (11-02-2026م)

رمضان سے قبل عوام کیلئے بڑی خوشخبری؛ حکومت کا اہم فیصلہ

11 فروری, 2026 11:54

رمضان المبارک شروع ہونے سے قبل شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے گراں فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

 یہ اعلان کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے رمضان پیکیج کی تیاری اور پرائس کنٹرول اقدامات کے اجلاس میں کیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ رمضان سے قبل تمام اشیا کی قیمتوں کی فہرستیں جاری کی جائیں گی تاکہ شہری مناسب اور رعایتی نرخوں پر ضروری اشیا خرید سکیں۔

کمشنر نے ہدایت دی کہ ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز ہر روز کارروائی کریں اور اس کی تفصیلات رپورٹ کریں۔ ناجائز منافع خوروں کے خلاف ضلعی انتظامیہ کی خصوصی مہم بھی چلائی جائے گی۔

شہر میں حالیہ دنوں میں روزمرہ کی اشیا کی قیمتیں قابو سے باہر ہو گئی ہیں۔ سبزی، پھل، تیل، گھی، بیسن، آلو، ٹماٹر، روٹی، انڈے اور دیگر اجناس مہنگی ہو گئی ہیں۔ صرف چار دن میں ٹماٹر کی قیمت 40 روپے فی کلو بڑھ کر 120 روپے ہو گئی، جبکہ آلو کی فی کلو قیمت 50 روپے تک پہنچ گئی۔ بیسن کی فی کلو قیمت 350 روپے جبکہ کوکنگ آئل اور گھی بھی 20 روپے اضافے کے بعد 600 روپے تک فروخت ہو رہے ہیں۔

روٹی اور نان کی قیمت میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ عام روٹی 25 روپے، خمیری نان 30 روپے اور کلچہ 35 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔ تندوری پراٹھا اور روغنی نان کی قیمت بھی بڑھ کر 60 روپے ہو گئی ہے۔ ہوٹلوں میں ایک کپ چائے 70 روپے میں دستیاب ہے۔

دیسی انڈے چار روز میں 470 سے بڑھ کر 500 روپے درجن فروخت ہو رہے ہیں۔ پھلوں کی قیمتیں بھی بڑھ گئی ہیں، درجہ سوم سیب 200 روپے اور کیلا 180 روپے درجن میں دستیاب ہے۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔