جمعہ، 13-فروری،2026
جمعہ 1447/08/25هـ (13-02-2026م)

سولر صارفین کیلئے اچانک بڑی خوشخبری آگئی

13 فروری, 2026 09:53

وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا ہے کہ نیٹ میٹرنگ سے نیٹ بلنگ پر منتقلی کے فیصلے پر فوری عمل درآمد روک دیا گیا ہے۔

 وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیٹ میٹرنگ سے نیٹ بلنگ پر منتقلی کے معاملے پر مزید مشاورت کی جائے گی تاکہ صارفین کے مفاد کو مدنظر رکھا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے صنعتی شعبے کے لیے بجلی کی قیمت میں کمی بھی کی ہے تاکہ پیداواری لاگت کم ہو اور صنعت کو ریلیف ملے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے 780 ارب روپے کا گردشی قرضہ کم کیا ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ نیٹ میٹرنگ کا گردشی قرضے اور بجلی چوری سے کیا تعلق بنتا ہے۔ ان کے مطابق ماضی میں کیے گئے معاہدوں کی وجہ سے مسائل پیدا ہوئے۔ حکومت نے آئی پی پیز کے ساتھ نظرثانی شدہ معاہدے کر کے نرخ کم کروائے جس سے تقریباً 3400 ارب روپے کا فائدہ ہوا۔

وزیر توانائی نے کہا کہ اس وقت حکومت کو اوسطاً 8 روپے فی یونٹ بجلی مل رہی ہے۔ ایسے میں 27 روپے فی یونٹ پر بجلی خریدنا درست فیصلہ نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں تقریباً 3 کروڑ 50 لاکھ صارفین نیٹ میٹرنگ پر نہیں ہیں، اس لیے پالیسی بناتے وقت اکثریت کو سامنے رکھنا ضروری ہے۔ ان کے مطابق یہ پالیسی ہر لحاظ سے عوام دوست نہیں سمجھی جا سکتی۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں سولر بجلی کی مجموعی پیداوار 20 سے 22 ہزار میگاواٹ تک پہنچ چکی ہے۔ اس میں سے تقریباً 6 ہزار میگاواٹ نیٹ میٹرنگ کے تحت ہے۔ صنعتی صارفین کا حصہ تقریباً 7 ہزار میگاواٹ جبکہ کمرشل صارفین کا حصہ 4 ہزار میگاواٹ کے قریب ہے۔ اندازاً 12 سے 14 ہزار میگاواٹ کا تعلق نیٹ میٹرنگ سے بنتا ہے اور ملک بھر میں لگ بھگ 7 لاکھ صارفین اس سہولت سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔

اویس لغاری نے کہا کہ اسلام آباد کے کئی بڑے سیکٹرز میں گھروں اور عمارتوں پر سولر پینلز نصب ہیں۔ ان میں سے زیادہ تر نیٹ میٹرنگ سسٹم سے منسلک ہیں۔ ملک بھر میں مجموعی طور پر 8 سے 10 فیصد صارفین نیٹ میٹرنگ پر ہیں۔ حکومت اس شعبے میں توازن پیدا کرنا چاہتی ہے تاکہ بجلی کے نظام پر غیر ضروری بوجھ نہ پڑے اور عام صارفین کو بھی ریلیف مل سکے۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔