امارات نے پاکستان کو قرض واپسی میں مزید دو ماہ کی مہلت دے دی

اسلام آباد میں سرکاری ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ متحدہ عرب امارات نے اصولی طور پر پاکستان کے دو ارب ڈالر کے ڈپازٹ کی واپسی کی مدت میں مزید دو ماہ کی توسیع پر اتفاق کر لیا ہے، جسے رول اوور کہا جاتا ہے۔
اعلیٰ عہدیدار کے مطابق نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے رواں ہفتے اعلیٰ اماراتی حکام سے براہِ راست رابطہ کیا اور مالی صورتحال سے آگاہ کیا، جس پر یہ رقم اب 17 اپریل 2026 تک برقرار رہے گی اور اس مختصر مدت کے لیے توسیع پر اماراتی حکام نے رضامندی ظاہر کی ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق یہ دو ماہ کی توسیع 6.5 فیصد شرح سود پر دی گئی ہے اور متعلقہ حکام کی جانب سے باقاعدہ منظوری جلد موصول ہونے کی توقع ہے۔
یہ پیش رفت پاکستان اور انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ کے درمیان جاری تیسرے جائزہ مذاکرات کے تناظر میں نہایت اہم سمجھی جا رہی ہے کیونکہ اس سے قبل دی گئی ایک ماہ کی توسیع ختم ہونے میں صرف چند دن باقی تھے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان نے امارات کو آگاہ کر دیا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات مکمل ہونے کے بعد اسلام آباد طویل مدتی رول اوور کے لیے دوبارہ رابطہ کرے گا تاکہ مالی استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔
ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے بتایا کہ اسحاق ڈار خود اس معاملے کو دیکھ رہے ہیں اور اماراتی حکام کے ساتھ مشاورت اور ہم آہنگی میں مثبت کردار ادا کر رہے ہیں جس کے نتیجے میں رول اوور ممکن ہو سکا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ رول اوور کی مدت کا تعین قرض دینے والے ملک کا اختیار ہوتا ہے تاہم نائب وزیر اعظم کی کوششوں سے یہ مہلت یقینی بنائی گئی ہے۔
انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ وہ وزارت خزانہ کے حکام کی جانب سے قائمہ کمیٹی خزانہ میں دیے گئے بیانات کے پس منظر سے آگاہ نہیں، تاہم وزیر خزانہ کے اس مؤقف کا حوالہ دیا کہ پاکستان کے بیرونی مالیاتی پروفائل میں کوئی خلا موجود نہیں اور آئی ایم ایف کے ساتھ معاملات درست سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔
ماہرین معاشیات کے مطابق اس قلیل مدتی ریلیف سے زرمبادلہ کے ذخائر پر فوری دباؤ میں کمی آئے گی، درآمدی ادائیگیوں اور کرنسی مارکیٹ کے اعتماد کو سہارا ملے گا، اور آئی ایم ایف جائزے کے دوران پاکستان کی پوزیشن نسبتاً مستحکم رہے گی، جبکہ طویل مدتی رول اوور کے لیے آئندہ سفارتی اور مالی اقدامات اہم کردار ادا کریں گے۔
یاد رہے کہ جنوری میں بھی امارات نے رقم کی میعاد ختم ہونے پر ایک ماہ کی توسیع دی تھی جبکہ ایک ارب ڈالر کی تیسری قسط جولائی 2026 میں واجب الادا ہوگی جس کے لیے پیشگی سفارتی رابطے جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












