بدھ، 18-فروری،2026
بدھ 1447/09/01هـ (18-02-2026م)

رمضان نگہبان کارڈ سے متعلق عوام کیلئے بڑی خوشخبری آگئی

18 فروری, 2026 09:25

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے رمضان المبارک کے موقع پر مستحق خاندانوں کے لیے رمضان نگہبان کارڈ پروگرام کا اعلان کیا ہے۔

 وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے مطابق یہ کارڈ مرحلہ وار گھروں تک پہنچائے جا رہے ہیں۔ اب تک لاکھوں خاندانوں کو کارڈ موصول ہو چکے ہیں۔ حکومت کا ہدف ہے کہ 10 رمضان تک یہ سہولت 40 لاکھ خاندانوں تک پہنچا دی جائے۔ اس اقدام کا مقصد غریب اور کمزور طبقے کو براہ راست ریلیف دینا ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ رمضان نگہبان کارڈ کو استعمال کے بعد ضائع نہ کیا جائے۔ یہ کارڈ آئندہ بھی مختلف امدادی اسکیموں کے لیے کام آئے گا۔ رمضان کے دوران سہولت بازاروں کو فعال رکھا جائے گا تاکہ عوام کو سستی اشیائے خوردونوش مل سکیں۔ انتظامیہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ لوگوں کو قطاروں میں لگنے کی ضرورت نہ پڑے۔ تمام اضلاع میں متعلقہ افسران ریلیف کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ رمضان المبارک میں 40 لاکھ سے زائد خاندانوں کو 10 ہزار روپے فی خاندان مالی مدد دی جائے گی۔ بے روزگار افراد اور مالی مشکلات کا شکار شہریوں کو دفاتر کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے۔ حکومت خود گھر کی دہلیز پر مدد پہنچائے گی۔ اس اقدام سے مہنگائی کے دباؤ میں کمی لانے میں مدد ملے گی اور غریب طبقے کو فوری سہارا ملے گا۔

وزیراعلیٰ نے پرائس کنٹرول فورس کو ہدایات دیں کہ رمضان میں مہنگائی، منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ مارکیٹوں اور شاپنگ سینٹرز کے اوقات کار میں نرمی بھی کر دی گئی ہے تاکہ شہری آسانی سے خریداری کر سکیں۔ کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ خود فیلڈ میں نکل کر صورتحال کی نگرانی کریں۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔