جمعہ، 20-فروری،2026
جمعہ 1447/09/03هـ (20-02-2026م)

کرپشن کے خاتمے کیلئے محض آئی ایم ایف کی ڈیڈ لائنز پر عمل کرنا کافی نہیں : ماہر

19 فروری, 2026 15:49

ماہرِ معیشت اسد علی شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں بدعنوانی کے خاتمے کے لیے محض آئی ایم ایف کی ڈیڈ لائنز پر عمل کرنا کافی نہیں، بلکہ اس کے لیے مضبوط قیادت کے عزم اور ریاستی نظام میں بنیادی اصلاحات ناگزیر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان واقعی بدعنوانی کو کم کرنا چاہتا ہے تو صرف وعدوں یا انتظامی احکامات سے آگے بڑھتے ہوئے حکومتی نظامِ کار کو درست کرنا ہوگا، کیونکہ حقیقی اصلاحات کا محور ادارہ جاتی شفافیت اور جوابدہی ہونا چاہیے۔

انہوں نے زور دیا کہ احتسابی اداروں بالخصوص نیب اور صوبائی اینٹی کرپشن محکموں کا غیر جانبدار ماہرین کے ذریعے آزادانہ جائزہ لیا جانا چاہیے تاکہ یہ معلوم ہو سکے کہ آیا یہ ادارے منصفانہ، مؤثر اور سیاسی دباؤ سے آزاد انداز میں کام کر رہے ہیں یا نہیں، اسی طرح بجٹ سازی کے عمل کو بھی نتائج سے مشروط کیا جانا چاہیے تاکہ سرکاری وسائل محض سالانہ بنیادوں پر تقسیم نہ ہوں بلکہ اس بنیاد پر خرچ کیے جائیں کہ ان سے عوامی زندگی میں حقیقی بہتری آئی یا نہیں۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت میں تاریخی پیش رفت، عالمی شراکت داری کا نیا باب کھل گیا

اسد علی شاہ نے مزید کہا کہ آڈٹ کے نظام کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ، خودمختار اور باصلاحیت و دیانتدار پیشہ ور افراد کی قیادت میں مضبوط بنایا جانا چاہیے تاکہ عوامی مالیات کی مؤثر نگرانی ممکن ہو سکے، جبکہ ادائیگیوں، ٹیکس، لائسنسنگ اور سرکاری معاہدوں کو ڈیجیٹل نظام میں لانے سے رشوت ستانی اور اقرباء پروری کے امکانات نمایاں حد تک کم کیے جا سکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اہم سرکاری عہدوں پر تقرریاں سفارش یا تعلقات کے بجائے مکمل میرٹ، شفاف اور منصفانہ انتخابی عمل کے ذریعے ہونی چاہئیں، نیز عوام کو اس بات تک آسان رسائی حاصل ہونی چاہیے کہ سرکاری محاصل کس طرح جمع کیے جا رہے ہیں اور کہاں خرچ ہو رہے ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ بدعنوانی کا خاتمہ تقاریر یا بیرونی شرائط سے نہیں ہوتا بلکہ اس وقت ممکن ہوتا ہے، جب قیادت اس کی ذمہ داری قبول کرے، مضبوط ادارہ جاتی نظام قائم کرے، قواعد کو واضح بنائے اور ایسا احتسابی ڈھانچہ تشکیل دے، جس میں کوئی بھی فرد اختیارات کا غلط استعمال کر کے بچ نہ سکے۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔