جمعرات، 12-مارچ،2026
جمعرات 1447/09/23هـ (12-03-2026م)

پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات میں مثبت پیشرفت، اسٹاف لیول معاہدہ نہ ہوسکا

12 مارچ, 2026 14:39

آئی ایم ایف نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ جاری مذاکرات میں حوصلہ افزا پیش رفت ہوئی ہے، آئندہ چند دنوں میں بات چیت کو حتمی شکل دیئے جانے کی توقع ہے۔

عالمی مالیاتی فنڈ نے پاکستان کے ساتھ جاری مذاکرات کے حوالے سے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان پچیس فروری سے گیارہ مارچ تک مذاکرات جاری رہے۔

ان مذاکرات میں پاکستان کی معاشی ٹیم اور عالمی مالیاتی فنڈ کے نمائندوں نے مختلف معاشی اور مالیاتی امور پر تفصیلی گفتگو کی۔

آئی ایم ایف نے اصلاحات اور ماحولیاتی اقدامات کے شعبوں میں پاکستان کی کارکردگی کو سراہا تاہم سات ارب ڈالر کے توسیعی قرض پروگرام کے تحت اسٹاف سطح کے معاہدے تک ابھی رسائی حاصل نہیں ہو سکی۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ پاکستان نے اصلاحاتی ایجنڈے پر پیش رفت کی ہے اور ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے بھی اقدامات کیے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : ایران کے ساتھ طویل جنگ عالمی معیشت کیلئے خطرہ بن سکتی ہے، آئی ایم ایف

مذاکرات کے دوران مالیاتی خسارے میں کمی، سرکاری مالیات کو مضبوط بنانے، توانائی کے شعبے میں اصلاحات اور اس کی کارکردگی بہتر بنانے کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس کے علاوہ سماجی تحفظ، صحت اور تعلیم کے شعبوں میں اخراجات بڑھانے کے حوالے سے بھی پاکستانی معاشی ٹیم کے ساتھ گفتگو کی گئی۔ آئی ایم ایف نے مہنگائی کو قابو میں رکھنے کے لیے سخت مالیاتی پالیسی برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔

اعلامیے کے مطابق مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ کے ممکنہ معاشی اثرات بھی مذاکرات کا حصہ رہے کیونکہ عالمی توانائی کی قیمتوں میں اضافہ اور خطے کی کشیدگی پاکستان کی معیشت کو متاثر کر سکتی ہے۔ آئی ایم ایف کے مطابق مذاکرات آئندہ بھی جاری رہیں گے اور جلد ہی بات چیت کو حتمی شکل دیئے جانے کی امید ہے۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔