جمعہ، 13-مارچ،2026
جمعہ 1447/09/24هـ (13-03-2026م)

وفاقی وزیر توانائی نے بجلی صارفین کی شکایات کے ازالے کیلئے نیا ضابطہ کار جاری کرنے کی ہدایت کر دی

13 مارچ, 2026 08:13

وفاقی وزیر توانائی نے بجلی صارفین کی شکایات کے فوری ازالے کیلئے نیا ضابطہ کار جاری کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔

پاور ڈویژن کے مطابق اس اقدام کا مقصد بجلی صارفین کو بہتر سہولت فراہم کرنا اور بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی کارکردگی کو مزید مؤثر بنانا ہے۔ اس نئے طریقہ کار سے صارفین کی شکایات کے ازالے کا عمل تیز اور شفاف بنانے میں مدد ملے گی۔

اعلامیے کے مطابق بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں میں شکایات کی نگرانی کے لیے ایک نیا مانیٹرنگ سسٹم متعارف کروایا جا رہا ہے۔ اس نظام کے تحت ہر ماہ مختلف سب ڈویژنوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔ جن دفاتر کی کارکردگی اچھی ہوگی انہیں سراہا جائے گا جبکہ خراب کارکردگی دکھانے والے افسران کے خلاف کارروائی بھی کی جا سکتی ہے۔

پاور ڈویژن نے بتایا ہے کہ 118 اسمارٹ کال سینٹر کو صارفین کے لیے ون ونڈو سروس قرار دیا گیا ہے۔ اس نمبر پر شہری بجلی سے متعلق تمام شکایات درج کروا سکتے ہیں۔ گزشتہ پانچ ماہ کے دوران اس کال سینٹر پر 20 لاکھ سے زائد کالیں موصول ہو چکی ہیں جن میں صارفین نے بجلی کی فراہمی، بلوں اور دیگر مسائل کے بارے میں شکایات درج کروائیں۔

وفاقی وزیر توانائی نے بعض کمپنیوں میں کم شکایات کے اندراج پر بھی توجہ دلائی ہے۔ اس حوالے سے پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی، حیدرآباد الیکٹرک سپلائی کمپنی، سکھر الیکٹرک پاور کمپنی، کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی اور کے الیکٹرک کے معاملات کا بھی نوٹس لیا گیا ہے۔

اویس لغاری نے تمام تقسیم کار کمپنیوں کے صارف خدمت ڈائریکٹرز کو ہدایت دی ہے کہ وہ عوامی شکایات کے بروقت حل کو یقینی بنائیں۔ اس کے ساتھ ساتھ لائن عملے اور دیگر افسران کو بھی ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ صارفین کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کریں اور بجلی سے متعلق مسائل فوری طور پر حل کریں۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔