پیر، 16-مارچ،2026
پیر 1447/09/27هـ (16-03-2026م)

ہونڈا موٹر سائیکل خریدنے والے صارفین کیلئے بڑی خبر؛ نئی قیمتیں سامنے آگئیں

16 مارچ, 2026 08:07

پاکستان میں ہونڈا موٹر سائیکلیں اب بھی سب سے زیادہ فروخت ہونے والی بائیکس میں شمار ہوتی ہیں۔ اگرچہ حالیہ برسوں میں ان کے ڈیزائن میں بڑی تبدیلی نہیں آئی، لیکن پھر بھی صارفین کی بڑی تعداد انہیں ترجیح دیتی ہے۔

پیٹرول کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور دیگر اخراجات کے باوجود ہونڈا بائیکس کی مانگ میں خاص کمی نہیں آئی۔ تاہم اب کمپنی نے خریداروں کے لیے ایک نئی سہولت متعارف کروا دی ہے جس سے موٹر سائیکل خریدنا نسبتاً آسان ہو سکتا ہے۔

کمپنی نے صارفین کے لیے ایک خصوصی اقساطی منصوبہ پیش کیا ہے جسے “اسٹیپ بائی اسٹیپ” یعنی SBS پلان کا نام دیا گیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت خریدار ہونڈا موٹر سائیکل بغیر کسی سود کے آسان اقساط میں حاصل کر سکتے ہیں۔ اس اسکیم کا مقصد ایسے افراد کو سہولت دینا ہے جو ایک ساتھ مکمل رقم ادا نہیں کر سکتے۔

اس منصوبے کے تحت چند مقبول ماڈلز اقساط پر دستیاب ہیں۔ مثال کے طور پر ہونڈا CD 70 کی قیمت ایک لاکھ انسٹھ ہزار نو سو روپے ہے جبکہ اس کی ماہانہ قسط تقریباً 26 ہزار 650 روپے رکھی گئی ہے۔

 اسی طرح ہونڈا CG 125 کی قیمت دو لاکھ اڑتیس ہزار پانچ سو روپے ہے اور اس کی قسط تقریباً 39 ہزار 750 روپے بنتی ہے۔ ہونڈا CB 150F کا ماڈل چار لاکھ انسٹھ ہزار نو سو روپے میں دستیاب ہے جس کی ماہانہ قسط تقریباً 76 ہزار 650 روپے رکھی گئی ہے۔

کمپنی کے مطابق اس اسکیم کے ذریعے خریدار باآسانی اپنی موٹر سائیکل حاصل کر سکتے ہیں اور مقررہ اقساط کے ذریعے ادائیگی مکمل کر سکتے ہیں۔ اس منصوبے سے فائدہ اٹھانے کے لیے صارفین کو بینک الفلاح کے ہیلپ لائن نمبر یا کمپنی کی جانب سے فراہم کردہ واٹس ایپ کیو آر کوڈ کے ذریعے درخواست دینا ہوگی۔

بینک کی جانب سے اس سہولت کے لیے ایک بار پروسیسنگ فیس اور فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی ادا کرنا ہوگی۔ یہ پیشکش محدود مدت کے لیے ہے اور موٹر سائیکلوں کی فراہمی پہلے آئیں پہلے پائیں کی بنیاد پر کی جائے گی۔ درخواست منظور ہونے کے بعد عام طور پر 28 کام کے دنوں کے اندر موٹر سائیکل فراہم کر دی جاتی ہے۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔