ہفتہ، 21-مارچ،2026
ہفتہ 1447/10/02هـ (21-03-2026م)

کیا بجلی کی قیمت میں اضافہ نہ ہونے کی وجہ سولر صارفین ہیں؟

21 مارچ, 2026 12:40

مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال نے عالمی توانائی مارکیٹ کو متاثر کیا ہے جس کے نتیجے میں تیل اور دیگر توانائی کی قیمتیں بڑھ گئیں۔

 پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ دیکھنے میں آیا، لیکن بجلی کے نرخ اب تک مستحکم ہیں۔ اس استحکام میں کئی عوامل شامل ہیں، مگر سب سے اہم کردار سولر صارفین کا ہے، جو اپنی پیدا کردہ بجلی کو نیشنل گرڈ میں شامل کرکے طلب کو کم کرتے ہیں اور قیمتوں میں اضافے کو محدود رکھتے ہیں۔

پاکستان میں بجلی کی مجموعی پیداوار تقریباً 45 ہزار میگاواٹ ہے، جبکہ گرمیوں کے موسم میں کھپت عموماً 25 سے 27 ہزار میگاواٹ کے درمیان رہتی ہے۔ پیداوار کے ذرائع میں ہائیڈل، نیوکلیئر، فوسل فیول اور قابل تجدید توانائی شامل ہیں۔

 سرکاری اعدادوشمار کے مطابق ہائیڈل پلانٹس سے تقریباً 30 فیصد، نیوکلیئر سے 15 سے 20 فیصد، اور قابل تجدید ذرائع جیسے سولر اور وِنڈ سے 3 سے 8 فیصد بجلی پیدا ہوتی ہے۔ درآمدی ایندھن جیسے ایل این جی اور فرنس آئل کا حصہ نسبتاً کم ہے، یعنی 10 فیصد اور 5 فیصد۔

ماہر توانائی ڈاکٹر خالد ولید کے مطابق نیٹ میٹرنگ کے تحت پاکستان میں موجود سولر صارفین تقریباً 6,800 میگاواٹ بجلی نیشنل گرڈ میں فراہم کر رہے ہیں، جبکہ 12 ہزار میگاواٹ آف گرڈ صارفین اپنی بجلی گھر پر استعمال کر رہے ہیں۔ مجموعی طور پر سولر صارفین ملک میں تقریباً 19 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرتے ہیں، جو بجلی کی قیمتوں میں استحکام کے لیے کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔

ڈاکٹر خالد کے مطابق اگر یہ سولر پیداوار موجود نہ ہوتی تو حکومت کو مہنگی درآمدی ایل این جی استعمال کرنی پڑتی، جس سے نہ صرف پیداوار کی لاگت بڑھتی بلکہ لوڈشیڈنگ کا خطرہ بھی بڑھتا۔ انہوں نے تجویز دی کہ حکومت بیٹری انرجی سٹوریج نظام متعارف کروائے تاکہ اضافی بجلی ذخیرہ کی جا سکے اور ضرورت کے وقت استعمال کی جا سکے۔

سابق ایم ڈی این ٹی ڈی سی ڈاکٹر فیاض چوہدری کا کہنا ہے کہ سولر صارفین قومی بجلی کے شعبے کو فائدہ پہنچاتے ہیں، لیکن اگر مناسب طریقے سے منظم نہ کیا جائے تو نقصان بھی ہو سکتا ہے۔ 2015 میں سولر صارفین کے لیے بنائی گئی پالیسی کو وقت پر اپ ڈیٹ کرنا چاہیے تھا، ورنہ سسٹم پر بوجھ بڑھتا ہے۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔