منگل، 24-مارچ،2026
منگل 1447/10/05هـ (24-03-2026م)

عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں دوبارہ 100 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر گئیں

24 مارچ, 2026 12:39

امریکی صدر کے مذاکراتی دعوؤں اور تہران کی جانب سے ان کی تردید کے باعث عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں ایک بار پھر 100 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر گئی ہیں۔

عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں غیر یقینی صورتحال کے باعث بڑا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جہاں برینٹ کروڈ کی قیمت دوبارہ 100 ڈالر فی بیرل سے اوپر چلی گئی ہے۔

برینٹ کروڈ کی قیمت میں دو اعشاریہ نو فیصد اضافہ ہوا، جس سے یہ ایک سو دو اعشاریہ چوراسی ڈالر تک پہنچ گئی، جبکہ ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کی قیمت تین اعشاریہ پانچ فیصد اضافے کے ساتھ اکانوے اعشاریہ بیس ڈالر ہو گئی۔

یہ بھی پڑھیں : سعودی عرب کا ایشیائی ممالک کیلئے تیل کی سپلائی میں کمی کا اعلان

اس سے قبل صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس بیان پر کہ وہ ایران کے ساتھ مذاکرات کر رہے ہیں اور حملے پانچ روز کے لیے روک دیے گئے ہیں، تیل کی قیمتوں میں دس فیصد کی بڑی کمی دیکھی گئی تھی۔

تاہم جیسے ہی ایرانی حکام نے ان مذاکرات کی تردید کی اور اسے مارکیٹ میں ہیرا پھیری قرار دیا، سرمایہ کاروں میں بے چینی پھیل گئی اور قیمتیں دوبارہ بڑھ گئیں۔

ایشیائی مارکیٹ میں بھی برینٹ کروڈ کے نرخوں میں تین اعشاریہ پچھتر فیصد اضافہ دیکھا گیا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ جب تک تہران اور واشنگٹن کے درمیان سفارتی صورتحال واضح نہیں ہوتی، تیل کی قیمتوں میں استحکام آنا مشکل ہے۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔