ٹرمپ کے بیان سے ایشیائی اسٹاک مارکیٹس میں تیزی، سرمایہ کاروں میں اعتماد بحال

امریکی صدر کی جانب سے ایران جنگ کے جلد خاتمے کے اشارے ملتے ہی ایشیائی اسٹاک مارکیٹس میں زبردست تیزی دیکھی گئی ہے۔ جاپان، جنوبی کوریا اور سنگاپور میں انڈیکس بلندیوں کو چھونے لگے۔
ایشیائی حصص بازاروں میں آج کاروبار کا آغاز انتہائی مثبت ہوا، جس کی بڑی وجہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا وہ بیان ہے، جس میں انہوں نے ایران کے خلاف جنگ کو دو سے تین ہفتوں میں ختم کرنے کی امید ظاہر کی ہے۔
جاپان کا نکی شیئر ایوریج تقریبا چار فیصد اضافے کے ساتھ ترپن ہزار سے تجاوز کر گیا۔ مارچ کے مہینے میں 2008 کے عالمی مالیاتی بحران کے بعد بدترین گراوٹ دیکھنے کے بعد، اپریل کا یہ آغاز جاپانی معیشت کے لیے ایک بڑی راحت ثابت ہوا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ٹرمپ کی ایران کو دھمکیوں سے ایشیائی منڈیاں کریش
جنوبی کوریا کا کوسپی انڈیکس اس سے بھی زیادہ یعنی چھ اعشاریہ دو چھ فیصد اضافے کے ساتھ ٹریڈ کرتا رہا۔ سرمایہ کاروں کا ماننا ہے کہ اگر مشرق وسطیٰ میں جنگ بندی ہو جاتی ہے تو عالمی سپلائی چین اور توانائی کی قیمتوں میں استحکام آئے گا، جس کا براہ راست فائدہ ایشیائی صنعتی ممالک کو پہنچے گا۔ سنگاپور کا اسٹریٹس ٹائمز انڈیکس بھی ایک اعشاریہ سات فیصد اضافے کے ساتھ بند ہوا۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ مارکیٹ میں یہ تیزی مکمل طور پر صدر ٹرمپ کے بیانات پر منحصر ہے۔ اگر جنگ کے خاتمے کے حوالے سے کوئی عملی پیش رفت ہوتی ہے تو یہ تیزی برقرار رہ سکتی ہے، لیکن اگر بیانات اور زمینی حقائق میں تضاد برقرار رہا تو مارکیٹ دوبارہ گراوٹ کا شکار ہو سکتی ہے۔
فی الحال سرمایہ کار دیکھو اور انتظار کرو کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔
Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












