جمعہ، 10-اپریل،2026
جمعہ 1447/10/22هـ (10-04-2026م)

آئی ایم ایف کا پیٹرولیم مصنوعات پر سبسڈی مکمل ختم کرنے کا مطالبہ، حکومت کی یقین دہانی

02 اپریل, 2026 15:21

آئی ایم ایف نے پاکستان سے پیٹرولیم مصنوعات پر ہر قسم کی سبسڈی ختم کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے، جبکہ حکومت نے کسانوں کو ریلیف دینے کیلئے کھاد پر ٹیکس نہ لگانے اور بی آئی ایس پی کے وظیفے میں اضافے کا فیصلہ کیا ہے۔

عالمی مالیاتی فنڈ نے پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات پر مزید کوئی سبسڈی نہ دی جائے۔ وزارتِ خزانہ کے ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ عارضی اور غیر بجٹری سبسڈی کے لیے وسائل پیدا کیے بغیر ایسی مراعات نہ دی جائیں۔

اس کے جواب میں پاکستان نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وفاقی حکومت پیٹرولیم پر کوئی عارضی سبسڈی نہیں دے گی، تاہم اگر صوبے چاہیں تو وہ اپنے بجٹ سے پسماندہ طبقات کو ٹارگٹڈ سبسڈی فراہم کر سکتے ہیں۔ حکومت نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ اب عالمی مارکیٹ کی قیمتوں کے عین مطابق ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں : موٹر سائیکل سواروں کو ماہانہ 20 لیٹر سستا پیٹرول فراہم کرنے کی تجویز

وزارتِ خزانہ کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ماہ پیٹرول کی کھپت میں ملک بھر میں تقریباً چوبیس فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے اور حکومت نے اس دوران ساڑھے تین ارب روپے کی اضافی لیوی اکٹھی کی ہے۔

دوسری جانب حکومت نے کسانوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے ایک بڑا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت کھاد پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی عائد نہیں کی جائے گی۔ یہ فیصلہ آئندہ مالی سال سے نافذ العمل ہوگا تاکہ زراعت کے شعبے پر بوجھ نہ بڑھے۔

عوام کے لیے ایک اور اہم ریلیف کا اعلان کرتے ہوئے حکومت نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے وظیفے میں پانچ ہزار روپے اضافے کا فیصلہ کیا ہے۔

جنوری 2027 سے مستحقین کو ساڑھے چودہ ہزار کے بجائے ساڑھے انیس ہزار روپے ملیں گے۔ اس کے ساتھ ہی مالی سال 2026 کے اختتام تک مزید دو لاکھ خاندانوں کو اس پروگرام میں شامل کیا جائے گا، جس سے مستفید ہونے والے گھرانوں کی مجموعی تعداد ایک کروڑ دو لاکھ تک پہنچ جائے گی۔ حکومت نے ان تمام اقدامات کے حوالے سے آئی ایم ایف کو تحریری طور پر یقین دہانیاں کرا دی ہیں۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔