جمعہ، 10-اپریل،2026
جمعہ 1447/10/22هـ (10-04-2026م)

ایران جنگ امریکی پیٹرو ڈالر نظام کیلئے زہرِ قاتل ہے، بلومبرگ کا اعتراف

07 اپریل, 2026 10:14

بلومبرگ کی ایک حالیہ رپورٹ میں اعتراف کیا گیا ہے کہ ایران کے خلاف امریکی جنگ خود امریکہ کے لیے الٹی پڑ رہی ہے۔ اس تنازع نے دہائیوں پرانے پیٹرو ڈالر نظام کی بنیادیں ہلا دی ہیں، جس سے امریکی ڈالر کی عالمی برتری اور مالیاتی ساکھ شدید خطرات سے دوچار ہے۔

عالمی مالیاتی امور پر نظر رکھنے والے معروف ادارے بلومبرگ نے اپنی حالیہ رپورٹ میں ایک چونکا دینے والا انکشاف کیا ہے کہ ایران کے خلاف امریکی فوجی کارروائیاں اور خطے میں جاری کشیدگی براہ راست امریکی معاشی طاقت کے مرکز یعنی پیٹرو ڈالر نظام کو نقصان پہنچا رہی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق یہ جنگ امریکی مفادات کے لیے اس لیے نقصان دہ ثابت ہو رہی ہے، کیونکہ اس نے خلیجی ممالک کے تیل کی برآمدات اور ان سے حاصل ہونے والے سرمائے کی گردش کا رخ موڑ دیا ہے۔

خلیجی ریاستیں اب ماضی کے مقابلے میں نمایاں طور پر کم تیل برآمد کر رہی ہیں اور سب سے اہم بات یہ ہے کہ وہ اس تیل سے حاصل ہونے والے ڈالر اب امریکی اثاثوں میں دوبارہ سرمایہ کاری کے لیے استعمال نہیں کر رہیں۔

یہ بھی پڑھیں : پیٹرو ڈالر کے خاتمے کا آغاز، ایرانی حکمتِ عملی سے امریکی معاشی ماڈل خطرے میں پڑ گیا

دوسری جانب دنیا بھر کے مرکزی بینکوں نے اپنی کرنسیوں کی قدر گرنے سے بچانے کے لیے امریکی سرکاری قرضے یعنی ٹریژری سیکیورٹیز کی فروخت شروع کر دی ہے۔

اس رجحان کے نتیجے میں امریکی بانڈز پر منافع کی شرح میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے، جو کہ ماضی کے کسی بھی بحران کے برعکس ہے۔

ماضی میں جب بھی عالمی سطح پر کوئی بحران آتا تھا، تو سرمایہ کار امریکی بانڈز کو ایک محفوظ پناہ گاہ سمجھ کر وہاں سرمایہ کاری کرتے تھے، لیکن اب یہ تاثر تیزی سے ختم ہو رہا ہے۔ مالیاتی شعبے میں امریکہ کی یہ سیف ہیون والی حیثیت اب قصہ پارینہ بنتی جا رہی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ پیٹرو ڈالر نظام کے دونوں اہم ستون اب ٹوٹ رہے ہیں۔ پہلا یہ کہ ڈالر میں تیل کی تجارت کم ہو رہی ہے، کیونکہ ایران اب تیل کی تجارت کے لیے چینی یوآن کے استعمال پر زور دے رہا ہے۔

دوسرا یہ کہ تیل کی فروخت سے حاصل ہونے والے ڈالرز کا دوبارہ امریکی مالیاتی نظام میں واپس آنے کا عمل رک گیا ہے۔ اگر یہ سلسلہ اسی طرح جاری رہا تو امریکی معاشی سلطنت جس کی بنیاد ڈالر کی اجارہ داری پر ہے، ریت کی دیوار ثابت ہو سکتی ہے۔

یہ صورتحال ظاہر کرتی ہے کہ فوجی طاقت کے استعمال نے واشنگٹن کو ایک ایسے معاشی بند گلی میں دھکیل دیا ہے، جہاں سے واپسی کا راستہ انتہائی مشکل نظر آتا ہے۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔