جمعہ، 10-اپریل،2026
جمعہ 1447/10/22هـ (10-04-2026م)

سندھ حکومت کی کفایت شعاری پالیسی؛ نئی ٹائمنگ نافذ، نوٹیفکیشن جاری

10 اپریل, 2026 12:48

سندھ حکومت نے کفایت شعاری پالیسی کے تحت صوبے بھر میں دکانوں، مارکیٹس، ریسٹورنٹس اور شادی ہالز کے اوقات کار سے متعلق نئے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے جس کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔

نئی ہدایات کے مطابق ڈویژنل ہیڈکوارٹرز کے علاوہ سندھ کے تمام اضلاع میں دکانیں، مارکیٹس اور شاپنگ مالز رات 8 بجے بند کر دیے جائیں گے۔ جبکہ ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں یہ اوقات رات 9 بجے تک ہوں گے۔ یہ تمام اوقات ہفتے کے ساتوں دن، یعنی ہفتہ اور اتوار سمیت نافذ العمل رہیں گے۔

حکومت سندھ نے واضح کیا ہے کہ کچھ ضروری سروسز کو ان پابندیوں سے مستثنیٰ رکھا گیا ہے۔ ان میں تنور، دودھ اور ڈیری شاپس، بیکریز، میڈیکل اسٹورز، لیبارٹریز، کلینکس، اسپتال اور پیٹرول پمپس شامل ہیں۔ یہ ادارے معمول کے مطابق کام جاری رکھ سکیں گے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ہوٹل، ریسٹورنٹس اور فوڈ آؤٹ لیٹس کو صرف شام 7 بجے سے رات 11:30 بجے تک ڈنر سروس کے لیے کھلا رکھنے کی اجازت ہوگی۔ تاہم ہوم ڈیلیوری اور ٹیک اوے سروس پر کسی قسم کی پابندی نہیں ہوگی۔

اسی طرح شادی ہالز اور بینکوئٹس کو رات 8 بجے سے 12 بجے تک تقریبات منعقد کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔ حکومت نے ہدایت کی ہے کہ ان اوقات پر سختی سے عمل کیا جائے۔

مزید کہا گیا ہے کہ تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ سندھ پولیس کے تعاون سے ان احکامات پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں تاکہ پالیسی پر مؤثر طریقے سے عمل ہو سکے۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔