ایک لیٹر پیٹرول پر شہریوں سے کتنا ٹیکس وصول کیا جارہا ہے؟

ایک لیٹر پیٹرول پر شہریوں سے کتنا ٹیکس وصول کیا جارہا ہے؟
پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث شہری ٹیکس کے بھاری بوجھ تلے دب گئے ہیں۔
ملک بھر میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث شہری ٹیکس، ڈیوٹیز اور مارجن کے بھاری بوجھ تلے دب گئے ہیں۔ سرکاری دستاویزات کے مطابق ایک لیٹر پیٹرول پر 107 روپے 12 پیسے جبکہ ایک لیٹر ہائی اسپیڈ ڈیزل پر 104 روپے 59 پیسے ٹیکس، ڈیوٹیز اور مارجنز کی صورت میں وصولی کی جا رہی ہے۔
پیٹرول اور ڈیزل پر ٹیکس اور ڈیوٹیز کا بوجھ
پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل پر 70 روپے فی لیٹر لیوی عائد کی گئی ہے، جو ملکی تاریخ میں پیٹرولیم مصنوعات پر سب سے زیادہ بوجھ ہے۔
پیٹرول کے فی لیٹر پر 15 روپے 28 پیسے کسٹمز ڈیوٹی جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل پر 15 روپے 78 پیسے کسٹمز ڈیوٹی شامل ہے۔
فی لیٹر پیٹرول اور ڈیزل پر 8 روپے 64 پیسے ڈیلرز کمیشن اور 7 روپے 87 پیسے آئل مارکیٹنگ مارجن بھی وصول کیا جا رہا ہے۔
پیٹرول پر 5 روپے 33 پیسے ان لینڈ فریٹ ایکولائزیشن مارجن (IFEM) جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل پر 2 روپے 30 پیسے IFEM شامل ہے۔
ایکس ریفائنری قیمت اور صارفین کے لیے قیمتوں کا فرق
پیٹرول کی ایکس ریفائنری قیمت 148 روپے 51 پیسے فی لیٹر ہے، لیکن ٹیکس، ڈیوٹیز اور مارجنز کے بعد صارفین کے لیے اس کی قیمت 255 روپے 63 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی ایکس ریفائنری قیمت 154 روپے 06 پیسے فی لیٹر ہے، لیکن صارفین کے لیے اس کی قیمت 258 روپے 64 پیسے فی لیٹر ہے۔
سیلز ٹیکس سے مستثنیٰ
فی الحال پیٹرول اور ڈیزل پر کسی قسم کا سیلز ٹیکس وصول نہیں کیا جا رہا، تاہم دیگر ٹیکسز اور مارجنز کی وجہ سے صارفین کو بھاری مالی بوجھ اٹھانا پڑ رہا ہے۔
Catch all the معیشت News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.