پیپر بانڈز رکھنے والوں کیلئے اہم خبر آگئی

پیپر بانڈز رکھنے والوں کیلئے اہم خبر آگئی
حکومت پاکستان نے پیپر پرائز بانڈز کے دور کا خاتمہ کرتے ہوئے ڈیجیٹل پرائز بانڈز متعارف کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
سینٹرل ڈائریکٹوریٹ آف نیشنل سیونگز (سی ڈی این ایس) کے ذریعے جاری کیے جانے والے یہ ڈیجیٹل پرائز بانڈز جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ منفرد خصوصیات کے حامل ہوں گے۔
وزارت خزانہ نے اس سلسلے میں "ڈیجیٹل پرائز بانڈز رولز 2024” کا مسودہ جاری کر دیا ہے، جس کے تحت ڈیجیٹل پرائز بانڈز کی خریداری، فروخت اور انعامات کی ادائیگی مکمل طور پر ڈیجیٹل نظام کے تحت ہوگی۔
ڈیجیٹل پرائز بانڈز کی اہم خصوصیات
ڈیجیٹل پرائز بانڈز کی خریداری اور فروخت کے لیے ایک خصوصی موبائل ایپ متعارف کرائی جائے گی، جسے "ڈیجیٹل پرائز بانڈز گیٹ وے” کا نام دیا گیا ہے۔
صارفین کو بانڈز کی خریداری کے بعد پیپر سرٹیفکیٹ کے بجائے آن لائن سسٹم کے ذریعے جنریٹڈ نمبر جاری کیا جائے گا۔
انعامی رقم براہ راست صارف کے بینک اکاؤنٹ میں منتقل کی جائے گی، جبکہ انعامات پر ٹیکس کٹوتی ہوگی، لیکن یہ رقم زکوٰۃ سے مستثنیٰ ہوگی۔
ڈیجیٹل پرائز بانڈز کی قرعہ اندازی ہر تین ماہ بعد کی جائے گی، اور سرمایہ کاری کی کوئی زیادہ سے زیادہ حد مقرر نہیں ہوگی۔
خریداری اور واپسی کا عمل
ڈیجیٹل پرائز بانڈز کی خریداری کے لیے صارفین کو نیشنل سیونگز اکاؤنٹ یا بینک اکاؤنٹ درج کرنا ہوگا۔ ادائیگی بھی بینک اکاؤنٹ کے ذریعے ہی کی جائے گی۔
اگر کوئی صارف بانڈ واپس کرنا چاہے تو رقم اس کے بینک اکاؤنٹ میں منتقل کر دی جائے گی۔
ڈیجیٹل پرائز بانڈز کی ملکیت تبدیل نہیں کی جا سکے گی، اور خزانہ ڈویژن کو کسی بھی بانڈ کو سرکولیشن سے واپس لینے کا اختیار ہوگا۔
قانونی پہلو اور تجاویز
وزارت خزانہ نے ڈیجیٹل پرائز بانڈز کے قواعد و ضوابط کا مسودہ قانونی مقدمات نمٹانے سے متعلق کابینہ کمیٹی کی سفارش پر تیار کیا ہے۔ ممکنہ طور پر متاثر ہونے والے افراد سے سات دن کے اندر تجاویز طلب کی گئی ہیں۔
دیگر اہم معلومات
ڈیجیٹل پرائز بانڈز غیر معینہ مدت کے لیے جاری کیے جائیں گے، لیکن یہ کسی بھی وقت واپس کیے جا سکیں گے۔
اگر بانڈ ہولڈر کا انتقال ہو جائے تو قانونی ورثاء کو رقم ادا کی جائے گی۔
اس نئے نظام کو "ڈیجیٹل پرائز بانڈز رجسٹرڈ رولز 2024” کا نام دیا گیا ہے۔
حکومت کا یہ اقدام نہ صرف پرائز بانڈز کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرے گا، بلکہ شفافیت اور سہولت کو بھی یقینی بنائے گا۔
Catch all the معیشت News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.