جمعہ، 26-ستمبر،2025
جمعرات 1447/04/03هـ (25-09-2025م)

Advertisement

Advertisement

Advertisement

Advertisement

پانچویں اور آٹھویں جماعت کے بورڈ امتحانات کب شروع ہونگے؟ تاریخوں کا اعلان کردیا گیا

17 ستمبر, 2025 10:30

راولپنڈی کے سرکاری اسکولوں میں پانچویں اور آٹھویں جماعت کے بورڈ امتحانات سال 2026 سے شروع کیے جائیں گے۔

حکام نے تصدیق کی ہے کہ داخلہ فارم تین نومبر سے پندرہ نومبر 2025 تک جمع کرائے جا سکیں گے۔ امتحانی شیڈول کے مطابق پانچویں جماعت کے امتحانات 9 فروری سے شروع ہوں گے، جبکہ آٹھویں جماعت کے امتحانات 16 فروری سے 24 فروری تک جاری رہیں گے۔ نتائج کا اعلان 31 مارچ کو متوقع ہے۔

گزشتہ سالوں میں یہ امتحانات پنجاب ایگزامینیشن کمیشن کے تحت منعقد ہوتے تھے، تاہم اب اس کا انتظام پنجاب ایجوکیشن کریکولم ٹریننگ اینڈ اسیسمنٹ اتھارٹی (PECTA) کو سونپ دیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس تبدیلی کا مقصد طلبہ کو اعلیٰ جماعتوں میں داخلے سے قبل بورڈ طرز کے امتحانات کے لیے تیار کرنا اور تعلیمی معیار کو بہتر بنانا ہے۔

دوسری جانب اساتذہ کی تنظیموں نے اس حکومتی فیصلے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ یونین رہنماؤں کا موقف ہے کہ صرف سرکاری اسکولوں کے طلبہ کو اس امتحان میں شامل کرنا غیر منصفانہ ہے، جبکہ پرائیویٹ اسکولوں کو اس سے مستثنیٰ قرار دینا تعلیمی پالیسی پر سوالیہ نشان ہے۔

اساتذہ کا خدشہ ہے کہ خاص طور پر آٹھویں جماعت میں اگر طالبات ناکام ہوئیں تو تعلیمی میدان میں لڑکیوں کی شمولیت متاثر ہو سکتی ہے اور ڈراپ آؤٹ کی شرح میں اضافہ ہو گا۔

اساتذہ تنظیموں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ یکساں تعلیمی پالیسی بنائی جائے تاکہ تعلیمی معیار میں بہتری کے ساتھ ساتھ ذہنی دباؤ اور تعلیمی عدم مساوات کو کم کیا جا سکے، ورنہ یہ اقدام طلبہ کے لیے مسائل کا باعث بنے گا۔

Catch all the تعلیم News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔