منگل، 20-جنوری،2026
منگل 1447/08/01هـ (20-01-2026م)
تازہ ترین خبریں

جرمنی جانے کے خواہشمند پاکستانی طلبہ کیلئے بڑی خوشخبری

19 جنوری, 2026 11:07

جرمنی جانے کے خواہشمند پاکستانی طلبہ کیلئے بڑی خوشخبری آگئی ہے۔

وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان سے وزیراعظم آفس میں پاکستان میں تعینات جرمن سفیر اینکا لیپل نے ملاقات کی۔ ملاقات میں نوجوانوں کی تعلیم، فنی مہارتوں اور پیشہ ورانہ تربیت کے شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانے پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

جرمن سفیر نے اس موقع پر کہا کہ جرمن حکومت پاکستان سے تعلق رکھنے والے طلبہ کی تعداد میں نمایاں اضافہ کرنا چاہتی ہے۔ ان کے مطابق اس وقت جرمنی میں تقریباً 6 ہزار پاکستانی طلبہ زیرِ تعلیم ہیں، جبکہ آنے والے برسوں میں یہ تعداد بڑھا کر 10 ہزار تک لے جانے کا منصوبہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ جرمنی پاکستان کے ساتھ تعلیمی اور پیشہ ورانہ تعاون کو مزید وسعت دینا چاہتا ہے، خاص طور پر ٹیکنیکل اور ووکیشنل ایجوکیشن کے شعبے میں۔

رانا مشہود احمد خان نے جرمن سفیر کو وزیراعظم یوتھ پروگرام کے مختلف منصوبوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ یہ پروگرام نوجوانوں کو تعلیم، ہنر، روزگار اور قیادت کے مواقع فراہم کرنے کے لیے کام کر رہا ہے۔ انہوں نے نیشنل یوتھ کونسل کے کردار پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ یہ کونسل نوجوانوں سے متعلق پالیسی سازی میں اہم مشاورتی کردار ادا کر رہی ہے۔

ملاقات کے دوران گرین یوتھ موومنٹ پر بھی گفتگو ہوئی، جو وزیراعظم یوتھ پروگرام کا ایک اہم حصہ ہے۔ اس کا مقصد نوجوانوں کو ماحولیاتی تحفظ، موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے اور ماحول دوست سرگرمیوں میں شامل کرنا ہے۔

جرمن سفیر نے وزیراعظم یوتھ پروگرام کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ نوجوانوں کی مہارتوں میں بہتری اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے پاکستان کی کوششیں قابلِ تحسین ہیں۔ ملاقات کے اختتام پر دونوں فریقین نے تعلیم، فنی تربیت اور یوتھ ایکسچینج پروگرامز میں تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

Catch all the تعلیم News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔