صوبائی حکومت کا تعلیمی اداروں سے متعلق بڑا اقدام

Provincial Government Announces Major Initiative for Educational Institutions
پنجاب میں تعلیمی اداروں کی سیکیورٹی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے ایک اہم قدم اٹھا لیا ہے۔
صوبے بھر کے اسکولوں اور کالجوں میں سیکیورٹی انتظامات کی نگرانی کے لیے ایک جدید ورچوئل سینٹر فار ایجوکیشنل سیکیورٹی قائم کیا جا رہا ہے۔ لاہور سمیت پنجاب کے تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کو اس نئے سسٹم سے منسلک کیا جا رہا ہے۔
اس منصوبے کے تحت اساتذہ اور سیکیورٹی اسٹاف کو سیف سٹیز سسٹم میں رجسٹر کیا جا چکا ہے۔ اب ہر ادارہ روزانہ تین مرتبہ اپنی سیکیورٹی صورتحال کی رپورٹ پبلک سیفٹی ایپ کے ذریعے اپڈیٹ کرے گا۔
سیف سٹیز حکام کا کہنا ہے کہ اب تک 30 ہزار سے زائد اسکول اور کالجز اس نظام میں شامل کیے جا چکے ہیں، جبکہ ایک لاکھ 30 ہزار سے زائد اساتذہ کی رجسٹریشن بھی مکمل ہو چکی ہے۔ اس اقدام کا مقصد تعلیمی اداروں میں کسی بھی ہنگامی صورتِ حال کی بروقت نشاندہی اور فوری کارروائی کو یقینی بنانا ہے۔
حکام کے مطابق اگر کسی ادارے کی جانب سے غیر محفوظ سیکیورٹی اسٹیٹس رپورٹ کیا جاتا ہے تو سیف سٹیز اتھارٹی فوری طور پر متعلقہ پولیس کو آگاہ کرے گی تاکہ بروقت اقدامات کیے جا سکیں۔ اس کے علاوہ تعلیمی اداروں میں نصب کیمروں کو بھی مرحلہ وار سیف سٹی کے لائیو مانیٹرنگ سسٹم سے منسلک کیا جا رہا ہے۔
سیف سٹیز حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام طلبہ، اساتذہ اور والدین کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔ اس نظام کے مکمل فعال ہونے کے بعد تعلیمی اداروں کی سیکیورٹی میں واضح بہتری متوقع ہے۔
Catch all the تعلیم News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











