ہفتہ، 7-فروری،2026
ہفتہ 1447/08/19هـ (07-02-2026م)

سندھ کے نجی اسکولوں کے لیے فائر سیفٹی لازمی قرار، ہدایات جاری

27 جنوری, 2026 12:04

کراچی: محکمہ تعلیم سندھ نے صوبے بھر کے نجی اسکولوں کے لیے فائر سیفٹی کے لیے جامع ہدایات جاری کر دی ہیں۔ یہ ہدایات فوری طور پر نافذ العمل ہوں گی تاکہ طلبہ اور عملے کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔

محکمہ اسکول ایجوکیشن نے ہدایات میں اسکولوں میں فائر الارم، اسموک ڈیٹیکٹر اور فائر ایکسٹنگوئشر کی تنصیب لازمی قرار دی ہے۔ علاوہ ازیں، اسکولوں کے ہنگامی راستے اور سیڑھیاں کھلی اور واضح رکھنے کا حکم دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں طلبہ محفوظ طریقے سے عمارت سے باہر نکل سکیں۔

ہدایت نامے کے مطابق برقی نظام کا باقاعدہ معائنہ لازمی ہے اور ہنگامی اخراج کے پلان کو نمایاں مقامات پر آویزاں کرنا بھی ضروری ہے۔ اسکولوں میں سال میں کم از کم دو مرتبہ فائر ڈرلز کروانے اور اساتذہ و عملے کی فائر سیفٹی تربیت کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔

خصوصی طلبہ کے لیے خصوصی حفاظتی انتظامات اور اسکول کے اسمبلی پوائنٹ کے تعین کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔ محکمہ تعلیم سندھ نے واضح کیا کہ ہدایات پر عمل نہ کرنے والے اسکولوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

یہ اقدامات سانحہ گل پلازہ کراچی کے بعد صوبائی حکومت کی جانب سے اسکولوں میں فائر سیفٹی کو یقینی بنانے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔

Catch all the تعلیم News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔