معروف انسٹاگرام انفلوئنسر گرفتار

Famous Instagram influencer arrested
معروف بھارتی انسٹاگرام انفلوئنسر سندیپا ورک کو منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار کرلیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت کی معروف انسٹاگرام انفلوئنسر سندیپا ورک کو 40 کروڑ روپے کے منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے سندیپا کو عوام کو دھوکہ دے کر رقوم بٹورنے اور جعلی دعوؤں کے ذریعے مالی فراڈ کرنے کے الزامات میں حراست میں لیا ہے۔
انسٹاگرام پر 12 لاکھ سے زائد فالوورز رکھنے والی سندیپا نہ صرف ایک سوشل میڈیا شخصیت ہیں بلکہ وہ ایک بیوٹی پروڈکٹ کمپنی کی مالک بھی بتائی جاتی ہیں۔
ای ڈی کے اہلکار کے مطابق سندیپا ورک نے خود کو ایک ایسی ویب سائٹ کی مالک ظاہر کیا جو ایف ڈی اے سے منظور شدہ بیوٹی مصنوعات فروخت کرنے کا دعویٰ کرتی تھی، تاہم تحقیقات سے انکشاف ہوا کہ ایسی کوئی مصنوعات حقیقت میں موجود ہی نہیں تھیں۔
ویب سائٹ پر صارفین کی رجسٹریشن کا کوئی نظام نہیں تھا، نہ ہی سوشل میڈیا پر اس کی کوئی خاطر خواہ موجودگی تھی، جب کہ فراہم کردہ رابطہ نمبر بھی غیر فعال تھا۔
یہ کیس بھارتی ریاست پنجاب کے شہر موہالی میں درج کیا گیا ہے، جہاں سندیپا پر الزام ہے کہ انہوں نے جھوٹے دعوؤں اور غلط بیانی سے لوگوں کو ورغلا کر ان سے بڑی رقوم وصول کیں۔
مزید تحقیقات میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ سندیپا کا تعلق ریلائنس کیپٹل لمیٹڈ کے سابق ڈائریکٹر انگارائی نٹراجن سیتھرامن سے بھی رہا ہے، جن پر کمپنی کے فنڈز ذاتی مقاصد کے لیے استعمال کرنے کا الزام ہے۔
انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کا کہنا ہے کہ منی لانڈرنگ کے اس کیس میں کروڑوں روپے کے قرضے اور رقوم غیر قانونی طریقے سے جاری کیے گئے، جن میں سے بڑی تعداد میں رقم واپس نہیں کی گئی۔
چھاپوں کے دوران اہم شواہد اور بیانات ریکارڈ کیے گئے، جس کے بعد سندیپا ورک کو 12 اگست کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں سے انہیں ای ڈی کی تحویل میں دے دیا گیا۔
Catch all the انٹرٹینمنٹ News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.