ڈکی بھائی کیس میں اب تک کیا کچھ ہوا؟

What has happened so far in the Dicky Bhai case?
پاکستان کے معروف یوٹیوبر سعد الرحمان المعروف ڈکی بھائی کی گرفتاری سے تفتیش تک کیس میں کئی اہم موڑ آ چکے ہیں۔
پاکستان کے معروف یوٹیوبر سعد الرحمان جو سوشل میڈیا پر ڈکی بھائی کی عرفیت سے مشہور ہے۔ دو روز قبل اس کی گرفتاری نے سوشل میڈیا پر ہلچل مچا دی۔ یوٹیوبر کی گرفتاری سے لے کر اب تک اس کیس میں بہت سے موڑ آئے اور انکشافات نے ان کے مداحوں سمیت سب کو حیران کر دیا۔
ڈکی بھائی جنہیں امیگریشن حکام نے ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب اس وقت لاہور ایئرپورٹ سے گرفتار کیا، جب وہ اپنا نام پی این آئی ایل فہرست میں شامل ہونے کے باوجود بیرون ملک جا رہا تھا۔ حکام نے گرفتاری کے بعد نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے حوالے کر دیا تھا۔
گرفتاری کے بعد این سی سی آئی اے نے ڈکی بھائی کے خلاف مقدمہ درج کر لیا اور بتایا کہ ملزم کا نام پی این آئی ایل فہرست میں شامل ہے اور وہ بیرون ملک فرار ہونے کی کوشش میں پکڑا گیا۔
ان کے خلاف درج مقدمہ میں یوٹیوبر پر آن لائن جوا کھیلنے والی ایپس کے ذریعہ منی لانڈرنگ، سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر جوا کھیلنے والی ایپس کو فروغ دینے، عوام کو جوئے اور غیر قانونی سرمایہ کاری میں ملوث کرنے جیسے الزامات عائد کیے گئے۔
سائبر کرائم ایجنسی نے ملزم سے نہ صرف موبائل فون (آئی فون 16 پرومیکس) حاصل کرنے کے بعد اس میں سے نہ صرف مشکوک واٹس ایپ نمبرز اور ڈیٹا حاصل کیا بلکہ غیر قانونی ادائیگیوں سمیت بائنومو پروموشن کے ثبوت بھی برآمد کیے۔ جس کے بعد نیشنل سائبر کرائم نے ملزم کے اثاثوں کی چھان بین شروع کر دی ہے اور تمام ریکارڈ طلب کر لیا ہے۔
ڈکی بھائی سے ثبوت حاصل کرنے کے بعد اسے عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں ڈیوٹی مجسٹریٹ نے ملزم کو دو دن کے جسمانی ریمانڈ پر نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کے حوالے کر دیا۔
معاملہ اس وقت انتہائی نازک ہو گیا جب ڈکی بھائی سے سائبر کرائم ایجنسی کے ساتھ ایف آئی اے حکام نے تفتیش کی تو یہ سنگین انکشاف سامنے آیا کہ وہ پاکستان میں گیمبلنگ ایپ کا کنٹری ہیڈ بھی ہے، جس نے تشہیر کے لیے مذکور ایپ سے کروڑوں روپے وصول کیے اور جوئے کی 12 ایپس کی تشہیر میں ملوث ہے۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق اس سے قبل ڈکی بھائی کو متعدد بار تفتیش میں شامل ہونے کے لیے بلایا گیا، لیکن شامل تفتیش نہ ہونے پر ڈکی بھائی کا نام پی این آئی ایل لسٹ میں ڈالا گیا تھا۔ ملزم نے یوٹیوب اور سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر بیٹنگ ایپس کو فروغ دیا۔
یہ پہلی بار نہیں کہ ڈکی بھائی قانون کی گرفت میں آیا ہو۔ اس سے قبل رواں برس ہی اپریل میں موٹروے پولیس نے اس کے خلاف دوران ڈرائیونگ خطرناک اسٹنٹ کرنے اور تیز رفتاری سے گاڑی چلانے کے دو مقدمات دائر کیے تھے۔ تاہم اس وقت یوٹیوبر نے گرفتاری سے بچنے کے لیے ضمانت کرالی تھی۔
Catch all the انٹرٹینمنٹ News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.