اتوار، 12-اکتوبر،2025
اتوار 1447/04/20هـ (12-10-2025م)

پنجابی فلموں کے مشہور مزاحیہ اداکار جسویندر سنگھ بھلا انتقال کر گئے

22 اگست, 2025 14:17

پنجابی فلم انڈسٹری کے معروف مزاحیہ اداکار جسویندر سنگھ بھلا 65 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ ان کے اہلخانہ نے جمعے کی صبح موہالی کے فورٹس ہسپتال میں ان کی موت کی تصدیق کی۔

اہلخانہ کے مطابق بھلا کو طبیعت خراب ہونے پر اسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں وہ کچھ ہی دیر بعد جانبر نہ ہو سکے۔ ان کی میت فی الحال فورٹس ہسپتال میں رکھی گئی ہے جبکہ آخری رسومات ہفتہ کو بلونگی میں ادا کی جائیں گی۔

بھلا اپنی منفرد کامیڈی، طنز اور ذہانت کے باعث نہ صرف بھارت بلکہ کینیڈا اور دیگر ممالک میں پنجابی ناظرین کے دلوں میں ایک خاص مقام رکھتے تھے۔ وہ پنجابی فلموں کے علاوہ اسٹیج ڈراموں میں بھی اپنی بے مثال مزاحیہ اداکاری کے لیے مشہور تھے۔

ان کے انتقال پر انڈیا کے سیاسی رہنماؤں اور فلم انڈسٹری سے وابستہ شخصیات نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ ریاست پنجاب کے کانگریس سربراہ امریندر سنگھ راجہ وارنگ نے بھلا کو "ایک قابل فخر پنجابی آواز” قرار دیا اور کہا کہ ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

بی جے پی رہنما سکھمندر پال سنگھ گریوال نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ "ڈاکٹر بھلا نہ صرف پنجابی کامیڈی کے بادشاہ تھے بلکہ سچائی اور سادگی کی آواز بھی تھے۔ ان کے بے مثال مزاح نے دنیا بھر کے لاکھوں چہروں پر مسکراہٹ بکھیری۔”

راجیہ سبھا کی رکن سواتی مالیوال نے بھلا کو ایک "سچا آئیکون” قرار دیا جنہوں نے مزاح کو سماجی پیغامات پہنچانے کا ذریعہ بنایا۔

اداکار بھلا کی آخری رسومات میں پنجابی فلم انڈسٹری سے وابستہ بڑی تعداد میں فنکاروں اور مداحوں کی شرکت متوقع ہے۔

Catch all the انٹرٹینمنٹ News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔