اتوار، 12-اکتوبر،2025
اتوار 1447/04/20هـ (12-10-2025م)

بھارت کے لیجنڈری اداکار رضا مراد کے انتقال کی خبروں کی حقیقت سامنے آگئی

23 اگست, 2025 12:41

بھارت کے لیجنڈری اداکار رضا مراد کے انتقال کی خبروں کی حقیقت سامنے آگئی۔

سینئر بھارتی اداکار رضا مراد نے اپنی موت سے متعلق سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی جھوٹی خبروں پر شدید ردعمل دیتے ہوئے خاموشی توڑ دی ہے۔ اداکار نے ان جھوٹی افواہوں پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے پولیس میں باقاعدہ شکایت درج کروا دی ہے، کیونکہ یہ پہلا موقع نہیں کہ ان کی موت کی خبریں پھیلائی گئی ہوں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سوشل میڈیا پر متعدد جعلی پوسٹس میں رضا مراد کی موت کی جھوٹی خبریں پھیلائی گئیں، جنہوں نے نہ صرف اداکار کو بلکہ ان کے اہل خانہ کو بھی شدید پریشانی میں مبتلا کر دیا۔ اداکار نے بتایا کہ مسلسل موصول ہونے والی کالز اور پیغامات کی وجہ سے ان کا روزمرہ معمول درہم برہم ہو گیا ہے۔

رضا مراد کا کہنا تھا کہ کچھ افراد ان کے وجود سے خائف نظر آتے ہیں، اسی لیے دانستہ طور پر ان کے متعلق ایسی من گھڑت خبریں پھیلائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا پر ان کی موت سے متعلق جعلی پوسٹس شیئر کی گئیں، یہاں تک کہ ان کی سالگرہ اور موت کی جھوٹی تاریخیں بھی پوسٹ کر دی گئیں، اور تعزیتی پیغامات بھی گردش میں آ گئے۔

اداکار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہر ایک کو وضاحت دیتے دیتے تھک چکے ہیں کہ وہ زندہ ہیں۔ انہوں نے کہا: ’’میرا گلا، زبان اور ہونٹ خشک ہو چکے ہیں لوگوں کو یہ بتاتے ہوئے کہ میں زندہ ہوں۔ یہ جھوٹی خبر اتنی پھیل چکی ہے کہ مجھے دنیا بھر سے فون کالز اور پیغامات موصول ہو رہے ہیں، حتیٰ کہ لوگ مجھے سوشل میڈیا پوسٹس کی کاپیاں بھی بھیج رہے ہیں۔‘‘

رضا مراد نے اس معاملے کو انتہائی سنجیدہ قرار دیتے ہوئے حکام سے مطالبہ کیا کہ ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے، جو سوشل میڈیا پر جھوٹا پروپیگنڈا پھیلا کر لوگوں کی ذہنی اذیت کا سبب بن رہے ہیں۔

Catch all the انٹرٹینمنٹ News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔