اتوار، 12-اکتوبر،2025
اتوار 1447/04/20هـ (12-10-2025م)

معروف پاکستانی اداکار انور علی انتقال کر گئے

01 ستمبر, 2025 17:05

پاکستان کے معروف اسٹیج اور ٹیلی وژن کے مزاحیہ اداکار انور علی طویل علالت کے بعد 71 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔

 اداکار انور علی کے انتقال کی تصدیق اہل خانہ نے کی۔ انور علی گزشتہ کئی ماہ سے پھیپھڑوں اور گردوں کی پیچیدہ بیماریوں میں مبتلا تھے اور مختلف اوقات میں انہیں اسپتال میں داخل بھی کرایا گیا، تاہم اتوار کے روز طبیعت مزید بگڑنے پر انہیں لاہور کے ایک مقامی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں پیر کے روز وہ جانبر نہ ہو سکے۔

خاندانی ذرائع کے مطابق انور علی کئی برسوں سے فالج اور دل کی بیماریوں کا بھی سامنا کر رہے تھے، اور حالیہ ہفتوں میں ان کی صحت مزید خراب ہو گئی تھی۔ چند ہفتے قبل انہیں ایک نجی اسپتال میں داخل کیا گیا تھا، جہاں ڈاکٹرز نے ان کی حالت کو تشویشناک قرار دیا تھا۔

انور علی کا شمار اسٹیج اور ٹی وی کے نمایاں مزاحیہ فنکاروں میں ہوتا تھا۔ ان کی حاضر جوابی، منفرد انداز اور جاندار اداکاری نے انہیں لاکھوں مداحوں کے دلوں میں مقبول بنایا۔ ان کے کئی اسٹیج ڈرامے اور ٹی وی شوز آج بھی ناظرین کے ذہنوں میں تازہ ہیں، جو ان کی فنکارانہ مہارت کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔

گزشتہ ماہ اداکار ناصر چنیوٹی نے سوشل میڈیا پر انور علی کی صحت یابی کے لیے عوام سے دعا کی اپیل کی تھی، اور مداحوں نے بھی بھرپور دعاؤں اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا تھا، تاہم قدرت کو کچھ اور ہی منظور تھا۔

انور علی کے انتقال پر شوبز انڈسٹری اور مداحوں کی جانب سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔

Catch all the انٹرٹینمنٹ News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔