اتوار، 12-اکتوبر،2025
اتوار 1447/04/20هـ (12-10-2025م)

معروف ٹک ٹاکر شوہر اور بچوں سمیت قتل

03 ستمبر, 2025 10:50

میکسیکو کے شہر گوادالاجارا کی معروف ٹک ٹاک انفلوئنسر اسمارالڈا فیریر گاریبے کو شوہر اور بچوں سمیت قتل کردیا گیا۔

میکسیکو کے شہر گوادالاجارا میں معروف ٹک ٹاک انفلوئنسر اسمارالڈا فیریر گاریبے کو ان کے شوہر اور دو بچوں سمیت گولیاں مار کر قتل کر دیا گیا۔ چاروں افراد کی لاشیں پلاسٹک میں لپیٹ کر ایک خالی پک اپ ٹرک میں پھینک دی گئیں، جسے شہر کے مضافاتی علاقے میں چھوڑا گیا تھا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق مقامی پراسیکیوٹر الفونسو گیٹرز سانتیان نے بتایا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ٹرک کا سراغ لگایا گیا، جو ایک قریبی آٹو ورکشاپ تک جاتا تھا۔ شواہد سے معلوم ہوا کہ قتل اسی ورکشاپ میں کیا گیا، جہاں سے خون کے دھبے، گولیوں کے خول اور دیگر شواہد برآمد ہوئے۔

تحقیقات کے دوران ورکشاپ کے دو ملازمین کو ابتدائی طور پر حراست میں لیا گیا، تاہم ثبوتوں کی کمی کے باعث انہیں ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔ حیران کن طور پر، رہائی کے چند ہی لمحوں بعد وہ دونوں افراد مسلح افراد کے ہاتھوں اغوا کر لیے گئے۔ اغوا کی اس کارروائی میں ان کے دو رشتہ دار بھی شامل تھے، جبکہ ایک شخص فرار ہونے میں کامیاب ہوا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ ایک منظم منصوبہ بندی کے تحت پیش آیا، جس میں منظم جرائم پیشہ گروہ کے ملوث ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ تاہم تاحال اس بات کے کوئی ٹھوس شواہد سامنے نہیں آئے کہ اسمارالڈا یا ان کے شوہر کسی جرائم پیشہ کارٹل سے وابستہ تھے۔

پولیس اور تحقیقاتی ادارے واقعے کی مزید چھان بین کر رہے ہیں جبکہ اس ہولناک قتل نے سوشل میڈیا صارفین اور انسانی حقوق کے حلقوں میں شدید تشویش پیدا کر دی ہے۔

Catch all the انٹرٹینمنٹ News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔