دیا بین ’تارک مہتا کا اُلٹا چشمہ‘ میں واپس کیوں نہیں آ رہیں؟ اصل وجہ سامنے آگئی

Why Isn’t Daya Ben Returning to ‘Taarak Mehta Ka Ooltah Chashmah’? The Real Reason Revealed
بھارتی ٹی وی کی معروف اداکارہ دیشا وکانی، جنہوں نے سپر ہٹ کامیڈی ڈرامہ تارک مہتا کا الٹا چشمہ میں "دیا بین” کا یادگار کردار نبھایا، گزشتہ سات برسوں سے اسکرین سے غائب ہیں۔
اداکارہ دیشا وکانی کے مخصوص اندازِ گفتگو، چہرے کے تاثرات، دلچسپ گیربا ڈانس اور بے مثال کامیڈی ٹائمنگ نے انہیں مقبول بنا دیا تھا، اور مداح آج بھی ان کی واپسی کے منتظر ہیں۔ تاہم اب دیشا کے بھائی اور شو میں ان ہی کے بھائی "سندر لال” کا کردار ادا کرنے والے اداکار مایور وکانی نے واضح کر دیا ہے کہ دیشا وکانی اب شو میں واپس نہیں آئیں گی۔
مایور وکانی نے بھارتی میڈیا کو دیے گئے ایک حالیہ انٹرویو میں کہا کہ دیشا اب اپنی ذاتی زندگی اور فیملی پر پوری توجہ دے رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ دیشا ہمیشہ سے محنتی اور ایماندار فنکارہ رہی ہیں، اور اب وہ اپنی اصل زندگی میں ماں کے کردار کو بھی اسی لگن اور سنجیدگی سے نبھا رہی ہیں جس طرح اداکاری کو نبھاتی تھیں۔ مایور کے مطابق ان کے والد نے بچپن سے دیشا کو اداکاری کی طرف مائل کیا اور محض پانچ سال کی عمر میں دیشا نے اسٹیج پر 90 سالہ خاتون کا کردار ادا کر کے سب کو حیران کر دیا تھا، تب ہی اندازہ ہو گیا تھا کہ اس کے اندر کچھ خاص صلاحیت ہے۔
مایور نے کہا کہ دیشا نے "دیا بین” کے کردار کو اس خوبی سے ادا کیا کہ وہ ایک علامت بن گئیں۔ ان کے والد کے لیے یہ ایک خواب کی تکمیل جیسا تھا، تاہم اب دیشا وکانی سمجھتی ہیں کہ ماں کا کردار ان کی زندگی کا سب سے اہم اور قیمتی کردار ہے۔
دیشا وکانی 2018 میں زچگی کی چھٹی پر گئی تھیں اور اس کے بعد انہوں نے واپسی نہیں کی۔ شو کے پروڈیوسر اسِت مودی نے بھی تسلیم کیا ہے کہ دیشا کی واپسی اب ممکن نہیں لگتی، کیونکہ شادی کے بعد خواتین کی ترجیحات اور زندگی کا نظام بدل جاتا ہے، خاص طور پر چھوٹے بچوں کے ساتھ باقاعدہ شوٹنگ ممکن نہیں ہوتی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر دیشا واپس نہیں آتیں تو انہیں کسی اور اداکارہ کو "دیا بین” کے کردار کے لیے کاسٹ کرنا پڑے گا۔
اگرچہ دیشا کی غیر موجودگی مداحوں کو شدت سے محسوس ہوتی ہے، مگر تارک مہتا کا الٹا چشمہ بدستور اپنی مقبولیت برقرار رکھے ہوئے ہے۔ یہ ڈرامہ گزشتہ 17 برس سے نشر ہو رہا ہے اور اب تک 4500 سے زائد اقساط مکمل کر چکا ہے۔ وقت کے ساتھ ساتھ کہانی صرف ایک کردار تک محدود نہیں رہی، بلکہ گوکلدھم سوسائٹی کے دیگر رہائشیوں کی روزمرہ زندگی اور مسائل بھی اس کا حصہ بن چکے ہیں، جو ڈرامے کو ایک نیا رنگ اور تازگی فراہم کرتے ہیں۔
Catch all the انٹرٹینمنٹ News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.