انڈے کس نے مارے؟ چاہت فتح علی خان ثبوتوں کے ساتھ سامنے آگئے

Who Threw the Eggs? Chahat Fateh Ali Khan Comes Forward with Evidence
معروف گلوکار چاہت فتح علی خان نے ان پر انڈے پھینکنے کے واقعے کے حوالے سے خاموشی توڑدی۔
معروف گلوکار چاہت فتح علی خان نے ان پر انڈے پھینکنے کے واقعے کے حوالے سے خاموشی توڑتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ اس افسوسناک حرکت میں وہی افراد ملوث ہیں جنہوں نے انہیں ایونٹ کے لیے مدعو کیا تھا۔ گلوکار کا کہنا ہے کہ انہوں نے معاملے کی رپورٹ مقامی پولیس اسٹیشن میں درج کرا دی ہے اور وہ اب اس کیس کو عدالت میں لے جانے کا فیصلہ کر چکے ہیں۔
اپنے ویڈیو پیغام میں چاہت فتح علی خان نے بتایا کہ یہ واقعہ 19 جون کو رات ساڑھے 8 سے 10 بجے کے درمیان برطانیہ کے علاقے بلیک برن کے ایک ریسٹورنٹ میں پیش آیا، جہاں وہ افتتاحی تقریب اور پرفارمنس کے لیے مدعو کیے گئے تھے۔ گلوکار کے مطابق تقریب کے اختتام پر جب وہ ریسٹورنٹ اسٹاف کے ساتھ تصاویر اور ویڈیوز بنوا رہے تھے تو دو افراد، جنہوں نے چہرے ڈھانپ رکھے تھے، اچانک نمودار ہوئے اور ان پر انڈے پھینک دیے۔ ایک شخص نے ان کے سر پر ہاتھ مارا، جس کے بعد انہیں کئی روز تک شدید سر درد کا سامنا رہا۔
چاہت فتح علی خان کا کہنا تھا کہ جب انہوں نے ریسٹورنٹ انتظامیہ سے واقعے کی ویڈیو فوٹیج فراہم کرنے کا مطالبہ کیا تو انہیں یہ کہہ کر انکار کر دیا گیا کہ کوئی ویڈیو ریکارڈ نہیں کی گئی۔ تاہم تین ماہ بعد وہی ویڈیو ریسٹورنٹ کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کر دی گئی، جسے بعد میں ڈیلیٹ بھی کر دیا گیا۔ گلوکار نے اس ویڈیو کو واقعے کا اہم ثبوت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اب ان کے پاس معاملے کو آگے بڑھانے کے لیے مواد موجود ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ انڈے پھینکنے کی یہ حرکت پلاننگ کے تحت کی گئی، اور اس میں وہی لوگ ملوث ہیں جنہوں نے انہیں ایونٹ کے لیے بک کیا تھا، کیونکہ ویڈیو انہی کے سیکیورٹی عملے نے بنائی۔ گلوکار نے اس حرکت کو سراسر زیادتی اور بے عزتی قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس معاملے کو انصاف کے کٹہرے تک لے کر جائیں گے۔
Catch all the انٹرٹینمنٹ News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.