جمعہ، 10-اکتوبر،2025
جمعہ 1447/04/18هـ (10-10-2025م)

معروف ریئلٹی شو بگ باس کو اچانک بند کردیا گیا؛ وجہ کیا بنی؟

08 اکتوبر, 2025 11:15

بھارت کی ریاست کرناٹکا میں منگل کی رات شوبز انڈسٹری کو بڑا جھٹکا لگا جب مقبول ریئلٹی شو بگ باس کنڑا سیزن 12 کی ریکارڈنگ اچانک روک دی گئی۔

ریاستی حکومت نے شو کی شوٹنگ کے مقام، جولی ووڈ اسٹوڈیوز کو سیل کر دیا جس کے بعد پروگرام کی تمام سرگرمیاں معطل ہو گئیں، ذرائع کے مطابق یہ کارروائی کرناٹک اسٹیٹ پولوشن کنٹرول بورڈ (KSPCB) نے ماحولیاتی قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں پر کی۔

بورڈ کا کہنا ہے کہ اسٹوڈیو بغیر ضروری اجازت ناموں کے کام کر رہا تھا اور وہاں آلودگی کے تدارک کے مناسب انتظامات نہیں کیے گئے تھے۔

سرکاری احکامات ملنے کے بعد بگ باس ہاؤس میں موجود تمام شرکاء کو راتوں رات باہر نکال کر قریبی ایگلٹن ریزورٹ منتقل کیا گیا، تکنیکی عملے اور پروڈکشن ٹیم کے سینکڑوں افراد کو بھی فوری طور پر اپنی ذمہ داریاں چھوڑنی پڑیں۔

معائنہ رپورٹ کے مطابق اسٹوڈیو میں گندے پانی کی نکاسی کا نظام ناقص تھا، سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ بند پڑا تھا، جبکہ پلاسٹک اور دیگر فضلے کو سنبھالنے کا کوئی مناسب انتظام موجود نہیں تھا۔ دو بڑے ڈیزل جنریٹرز بھی مسلسل چلنے سے ماحولیاتی آلودگی میں اضافہ کر رہے تھے۔

ریاستی وزیر ماحولیات نے تصدیق کی کہ اسٹوڈیو کو متعدد بار انتباہی نوٹس دیے گئے تھے لیکن انتظامیہ نے کوئی عملدرآمد نہیں کیا۔ ان کے بقول، "قانون سب کے لیے برابر ہے، کسی کو بھی ماحولیاتی اصول توڑنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔”

ذرائع کا کہنا ہے کہ اسٹوڈیو انتظامیہ پر غیر قانونی پاور سپلائی کے استعمال کا الزام بھی لگایا گیا ہے جس کے باعث بجلی کا کنکشن بھی منقطع کر دیا گیا۔

پانچ کروڑ روپے کی لاگت سے تیار کیا گیا بگ باس کا شاندار سیٹ اداکار کچا سُدیپ کے وژن پر بنایا گیا تھا، اور شو کو محض چند ہفتے پہلے زبردست پذیرائی کے ساتھ نشر کیا گیا تھا۔ تاہم، اس اچانک بندش نے نہ صرف ناظرین کو مایوس کیا بلکہ سوشل میڈیا پر بھی بحث چھیڑ دی ہے۔

فی الحال منتظمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اگر چاہیں تو عدالت سے رجوع کریں، تاہم یہ واضح نہیں کہ شو دوبارہ کب شروع ہو پائے گا۔

Catch all the انٹرٹینمنٹ News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔