منگل، 28-اکتوبر،2025
منگل 1447/05/06هـ (28-10-2025م)

معروف برطانوی گلوکار کا فلسطینیوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے اسرائیل میں پرفارم کرنے سے انکار

28 اکتوبر, 2025 10:26

غزہ میں اسرائیلی بربریت کے خلاف عالمی سطح پر احتجاج جاری ہے، اور اب فنکار برادری بھی فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کے اظہار میں پیش پیش ہے۔

برطانوی بینڈ ریڈیوہیڈ کے معروف گلوکار تھام یورک نے اعلان کیا ہے کہ وہ اسرائیل میں کسی بھی کنسرٹ یا شو میں شرکت نہیں کریں گے۔

تھام یورک نے دی سنڈے ٹائمز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ وہ نیتن یاہو حکومت کے ظلم کے سائے میں فن کا کوئی جشن نہیں منا سکتے۔

انہوں نے کہا کہ میں اسرائیل یا اس کے اطراف میں پرفارم نہیں کروں گا، کیونکہ میرا ضمیر اس کی اجازت نہیں دیتا کہ میں ایسی حکومت کے قریب جاؤں جو انسانی حقوق پامال کر رہی ہو۔

یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب ریڈیوہیڈ بینڈ سات سال بعد اپنا نیا ورلڈ ٹور شروع کرنے جا رہا ہے۔

یاد رہے کہ 2017 میں بینڈ نے تل ابیب میں کنسرٹ کیا تھا، جس پر فلسطینی حامی گروہوں کی جانب سے شدید تنقید ہوئی تھی۔

تھام یورک نے ماضی کے اس تجربے کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ مجھے لگا ہمارا میوزک کسی سیاسی ایجنڈے کا حصہ بن گیا ہے، وہ لمحہ میرے لیے ایک بیداری تھی۔

بینڈ کے ایک اور رکن ایڈ او برائن نے بھی کہا کہ ہمیں اس وقت رام اللہ میں بھی پرفارم کرنا چاہیے تھا۔ ہم فنکار ہیں، کسی حکومت کے نمائندے نہیں۔

عالمی سطح پر فنکاروں اور کھلاڑیوں کی جانب سے اسرائیل کے خلاف بائیکاٹ کی مہم زور پکڑ چکی ہے۔

کئی اسپورٹس ایونٹس میں صیہونی ریاست کو شرکت سے روکا جا چکا ہے، جبکہ متعدد بین الاقوامی شخصیات غزہ کے نہتے شہریوں کے حق میں آواز بلند کر رہی ہیں۔

Catch all the انٹرٹینمنٹ News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔