جمعہ، 28-نومبر،2025
جمعہ 1447/06/07هـ (28-11-2025م)

مزدور کی 4 لاکھ تنخواہ؟ جواد احمد کے بیان پر سوشل میڈیا پر تبصروں کی برسات

20 نومبر, 2025 14:34

برابری پارٹی پاکستان کے چیئرمین اور ماضی کے نامور گلوکار جواد احمد کا ایک تازہ بیان سوشل میڈیا پر نمایاں توجہ حاصل کر رہا ہے، جس میں انہوں نے دعویٰ کیا کہ اگر انہیں اقتدار ملا تو ملک میں کم از کم اجرت 4 لاکھ روپے مقرر کی جائے گی۔

جواد احمد کے اس بیان کو سوشل میڈیا صارفین نے غیر حقیقی قرار دیتے ہوئے تنقید کا نشانہ بنایا، جبکہ بعض نے اسے مزدور طبقے کے لیے خوش آئند قرار دیا۔ ایک صارف نے ہلکے پھلکے انداز میں لکھا کہ اگر واقعی ایسا ہوا تو وہ خود بھی مزدور بننے کو تیار ہیں۔

تاہم جواد احمد نے تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ لوگ مزدور کی اجرت بڑھنے پر اعتراض کیوں کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جب ملک کے طاقتور طبقے خواہ وہ سیاستدان ہوں یا بڑے کاروباری خاندان، سرمایہ دارانہ نظام کے ذریعے چند ماہ میں کروڑوں روپے کما سکتے ہیں تو ایک عام محنت کش کی تنخواہ 4 لاکھ ہونا اتنا ناممکن کیوں سمجھا جاتا ہے؟ آخر کب تک مزدور اور کسان بنیادی سہولتوں سے محروم رہیں گے۔

جواد احمد اس سے پہلے بھی کئی مرتبہ یہ مؤقف اختیار کر چکے ہیں کہ پاکستان میں حقیقی تبدیلی لانے کے لیے ان کی سیاست ہی واحد راستہ ہے۔

فن کے میدان میں شہرت حاصل کرنے کے بعد انہوں نے 2017 میں باقاعدہ سیاسی سفر شروع کیا اور برابری پارٹی کی بنیاد رکھی، جس کا مقصد معاشی ناہمواری کے خاتمے کے لیے آواز اٹھانا ہے۔

Catch all the انٹرٹینمنٹ News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔