بدھ، 10-دسمبر،2025
بدھ 1447/06/19هـ (10-12-2025م)

رجب بٹ کا برطانوی ویزہ منسوخ؛ کیا وہ پاکستان واپس آئیں گے یا کسی اور ملک جائیں گے؟

09 دسمبر, 2025 15:52

برطانوی حکام نے پاکستان سے تعلق رکھنے والے معروف یوٹیوبر رجب بٹ کا ویزہ منسوخ کر دیا ہے۔

 ہوم ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے یہ کارروائی اس وقت کی گئی جب ان کی ویزہ درخواست کے ساتھ جمع کروائی گئی دستاویزات میں کئی اہم کاغذات موجود نہیں تھے۔ رجب بٹ گزشتہ کئی ماہ سے منظرعام سے غائب تھے اور ان کے خلاف پاکستان میں مختلف مقدمات درج ہیں۔

ویزہ منسوخی کے بعد یہ تاحال واضح نہیں کہ رجب بٹ واپس پاکستان آئیں گے یا کسی دوسرے ملک جانے کی کوشش کریں گے۔ ان پر ایک جوا ایپ کی تشہیر کے الزام میں بھی مقدمہ بننے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، جس کے باعث ان کی صورتحال مزید پیچیدہ ہو گئی ہے۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی جب وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ کے ساتھ اہم ملاقات کی۔ ملاقات میں غیر قانونی طور پر برطانیہ میں مقیم پاکستانی شہریوں کی وطن واپسی پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ اس دوران محسن نقوی نے شہزاد اکبر اور عادل راجہ کی حوالگی کے دستاویزات بھی برطانوی حکام کے حوالے کیے۔

محسن نقوی نے ایک پریس کانفرنس میں واضح کہا تھا کہ بیرون ملک بیٹھ کر سوشل میڈیا کے ذریعے غلط خبریں پھیلانے والے افراد کو یہ نہ لگے کہ وہ محفوظ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے لوگوں کو جلد واپس لا کر عدالت کا سامنا کروایا جائے گا۔

دوسری جانب رجب بٹ کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں ایک درخواست بھی دائر کی گئی ہے جس میں الزام لگایا گیا ہے کہ انہوں نے سوشل میڈیا ویڈیو میں صحابہ کرام کی شان میں گستاخانہ الفاظ استعمال کیے۔ درخواست گزار کا کہنا ہے کہ رجب بٹ پہلے بھی کئی مقدمات کا سامنا کر چکے ہیں، اس لیے ان کے خلاف سخت کارروائی ضروری ہے۔

Catch all the انٹرٹینمنٹ News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔