فرانس کی معروف اداکارہ بریژیت باغدو 91 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں

فرانس کی معروف اداکارہ بریژیت باغدو 91 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں
پیرس: فرانس کی لیجنڈری اداکارہ بریژیت باغدو 91 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں۔ ان کے انتقال کی تصدیق ان کی فاؤنڈیشن نے امریکی نشریاتی ادارے سی این این کو جاری بیان میں کی۔
بریژیت باغدو فرانس میں محض “بی بی” کے نام سے جانی جاتی تھیں۔ وہ 1950 اور 1960 کی دہائی میں اپنی جرات مندانہ اور بے باک اداکاری کے باعث عالمی شہرت حاصل کرنے والی اداکاراؤں میں شامل تھیں۔
انہوں نے 1952 سے 1973 تک فرانسیسی فلم انڈسٹری میں کام کیا۔ اس دوران وہ خواتین کی آزادی، خودمختاری اور سماجی پابندیوں کے خلاف کھل کر بات کرتی رہیں۔ ان کی اداکاری نے اس دور کے سماجی رویوں پر گہرے اثرات مرتب کیے۔
39 برس کی عمر میں بریژیت باغدو نے فلمی دنیا کو خیرباد کہہ دیا۔ اس کے بعد انہوں نے اپنی زندگی جانوروں کے حقوق کے لیے وقف کر دی۔ انہوں نے اپنی فاؤنڈیشن کے ذریعے دنیا بھر میں جانوروں کے تحفظ کی مہم چلائی اور اس مقصد کے لیے مسلسل آواز بلند کرتی رہیں۔
بریژیت باغدو 28 ستمبر 1934 کو پیرس میں پیدا ہوئیں۔ فلم کے ساتھ ساتھ انہوں نے موسیقی اور فیشن کی دنیا پر بھی گہرے اثرات چھوڑے۔ انہیں 20ویں صدی کی بااثر ترین ثقافتی شخصیات میں شمار کیا جاتا ہے۔
ان کے انتقال پر فرانس سمیت دنیا بھر میں فن اور سماجی حلقوں کی جانب سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
Catch all the انٹرٹینمنٹ News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












