ہاتھ اور پاؤں پر محسوس کی جانے والی شوگر کی علامتیں کون سی ہیں؟

ہاتھ اور پاؤں پر محسوس کی جانے والی شوگر کی علامتیں کون سی ہیں؟
ذیابیطس ایک ایسی بیماری ہے جس سے دنیا بھر کے نہ صرف بزرگ بلکہ نوجوان بھی متاثر ہیں۔
ذیابیطس ایک ایسا مرض بن چکا ہے جو نہ صرف بزرگوں بلکہ نوجوانوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے رہا ہے۔ ماہرین کے مطابق ضرورت سے زیادہ میٹھا کھانا، ذہنی تناؤ اور غیر صحت مند طرز زندگی اس مرض کے بڑھتے ہوئے کیسز کی اہم وجوہات ہیں۔
ذیابیطس کی کچھ علامات جیسے پیاس لگنا، گلے اور زبان کا خشک ہونا اور نظر کی کمزوری تو عام ہیں، لیکن کچھ ایسی علامات بھی ہیں جو ہاتھوں اور پیروں پر ظاہر ہوتی ہیں۔
سن ہونا
اگر آپ کے پیروں یا ٹانگوں میں سن ہونے کا احساس ہو رہا ہے تو یہ ذیابیطس کی ابتدائی علامت ہو سکتی ہے۔ ذیابیطس مریضوں میں اعصابی نظام کو پہنچنے والا نقصان درد یا دیگر احساسات کو محسوس کرنے کی صلاحیت کو کم کر دیتا ہے۔
جھنجھناہٹ
ہاتھوں اور پیروں میں کانٹے چبھنے جیسا احساس، جسے عام طور پر "جھنجھناہٹ” کہا جاتا ہے، ذیابیطس کی ایک اور اہم علامت ہے۔ خون میں شوگر کی مسلسل بلند سطح اعصاب کو متاثر کرتی ہے، جس سے دماغ تک سگنلز کے بہاؤ میں خلل پڑتا ہے۔
ٹانگوں میں درد
ٹانگوں میں درد، خاص طور پر رات کے وقت، ذیابیطس کی ایک عام علامت ہے۔ یہ درد پٹھوں کے کھچاؤ یا اعصابی نظام کے متاثر ہونے کی وجہ سے ہو سکتا ہے۔ مریضوں کو اکثر اس درد کی وجہ سے نیند میں خلل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
پیروں کا السر
ذیابیطس کے مریضوں میں پیروں کے السر یا زخم عام ہیں۔ خون میں شوگر کی زیادہ مقدار خون کی گردش کو متاثر کرتی ہے، جس کی وجہ سے زخم بھرنے کی صلاحیت کم ہو جاتی ہے۔ یہ زخم مریضوں کے لیے شدید تکلیف کا باعث بنتے ہیں اور اگر ان کا بروقت علاج نہ کیا جائے تو سنگین پیچیدگیاں پیدا ہو سکتی ہیں۔
ماہرین کی ہدایت
ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ ذیابیطس کی ان علامات کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔ اگر آپ کو ہاتھوں یا پیروں میں سن ہونے، جھنجھناہٹ، درد، یا زخم جیسی علامات محسوس ہوں تو فوری طور پر ڈاکٹر سے رجوع کریں۔ ذیابیطس کو کنٹرول کرنے کے لیے صحت مند غذا، باقاعدہ ورزش اور ادویات کا استعمال نہایت ضروری ہے۔
ذیابیطس ایک سنگین مرض ہے، لیکن مناسب احتیاط اور علاج کے ذریعے اس کے اثرات کو کم کیا جا سکتا ہے۔
Catch all the صحت News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.