بالوں سے خشکی ختم نہ ہونے کی اصل وجہ سامنے آگئی

بالوں سے خشکی ختم نہ ہونے کی اصل وجہ سامنے آگئی
بالوں سے خشکی ختم نہ ہونے کی اصل وجہ سامنے آگئی ہے۔
گرمیوں کے موسم میں پسینے کے باعث سر میں خشکی (ڈینڈرف) ہونا ایک عام مسئلہ ہے، تاہم جب یہ کیفیت مستقل صورت اختیار کر لے تو تشویش کا باعث بن جاتی ہے۔ خشکی کی نمایاں علامات میں سر میں مسلسل کھجلی اور جلد کا خشک ہو جانا شامل ہیں۔ ماہرین کے مطابق صرف موسم یا صفائی کی کمی ہی نہیں بلکہ جسم میں زنک کی کمی بھی خشکی کی ایک بڑی وجہ ہو سکتی ہے۔
اس حوالے سے سینئر ڈرماٹولوجسٹ ڈاکٹر نیہا سود کا کہنا ہے کہ ڈینڈرف صرف کھوپڑی پر فنگل انفیکشن کی وجہ سے نہیں ہوتا بلکہ یہ غذائی قلت اور دیگر طبی وجوہات کا نتیجہ بھی ہو سکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وٹامن بی خصوصاً بی 2، بی 6 اور بی 12 کی کمی کے ساتھ ساتھ اومیگا تھری فیٹی ایسڈز کی کمی کھوپڑی اور جلد کی صحت پر منفی اثر ڈالتی ہے۔ ان غذائی عناصر کی کمی سے جلد خشک اور پھٹنے لگتی ہے، جس سے خشکی کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔
ڈاکٹر نیہا کے مطابق زنک ایک ضروری معدنیات ہے جو جلد، بالوں اور ناخنوں کی صحت کے لیے نہایت اہم ہے۔ یہ نہ صرف خلیوں کی مرمت اور سوزش کو قابو میں رکھتا ہے بلکہ کھوپڑی کے تیل کی پیداوار کو متوازن بنانے میں بھی مدد دیتا ہے۔ جب جسم میں زنک کی سطح کم ہو جاتی ہے تو کھوپڑی کی صحت متاثر ہوتی ہے اور مردہ خلیوں کی زیادتی خشکی کی شکل میں ظاہر ہوتی ہے۔
انہوں نے تجویز دی کہ بار بار خشکی کی صورت میں خوراک میں تبدیلی کے ذریعے زنک کی کمی کو دور کیا جا سکتا ہے۔ کدو کے بیج، دودھ اور اس سے بنی مصنوعات زنک کے حصول کے بہترین ذرائع ہیں۔
علاوہ ازیں، خشکی سے نجات کے لیے چند گھریلو ٹوٹکے بھی مفید ثابت ہو سکتے ہیں۔ ان میں اسپرین کا استعمال شامل ہے جسے پیس کر شیمپو میں ملا کر استعمال کیا جا سکتا ہے۔ کھانے کا سوڈا سر پر رگڑنے سے خشکی پیدا کرنے والے عناصر غیر فعال ہو جاتے ہیں۔ سیب کا سرکہ بھی خشکی کے خاتمے کے لیے مؤثر مانا جاتا ہے، جسے پانی میں ملا کر اسپرے کی صورت میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔
ناریل کا تیل خشکی کا آزمودہ علاج ہے، جسے نہانے سے پہلے سر پر لگانا مفید ہوتا ہے۔ اسی طرح لیموں کا رس بھی خشکی سے نجات کے لیے کارآمد ہے، جسے روزانہ کی بنیاد پر استعمال کیا جا سکتا ہے۔ عام نمک بھی خشکی کے خاتمے میں مددگار ہے، جسے شیمپو سے پہلے سر پر رگڑنے سے بہتر نتائج حاصل ہو سکتے ہیں۔
Catch all the صحت News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.