ہفتہ، 11-اکتوبر،2025
ہفتہ 1447/04/19هـ (11-10-2025م)

ہارٹ اٹیک سے بچنا چاہتے ہیں تو ان 5 ہدایات پر فوری عمل کریں

19 مئی, 2025 12:34

دل کی بیماریوں اور ہارٹ اٹیک سے بچاؤ ان 5 ہدایات پر فوری عمل کرکے ممکن ہے۔

امراض قلب دنیا بھر میں اموات کی ایک بڑی وجہ ہیں، تاہم اچھی خبر یہ ہے کہ دل کی بیماریوں اور ہارٹ اٹیک سے بچاؤ ممکن ہے، اگر بروقت اور درست طرزِ زندگی اپنایا جائے۔ ماہرین صحت کے مطابق کچھ سادہ مگر مؤثر عادات کو روزمرہ زندگی کا حصہ بنا کر دل کے دورے کے خطرے کو نمایاں حد تک کم کیا جا سکتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ کھلی فضا میں وقت گزارنا، نیند کا بہتر انتظام، اسکرین ٹائم میں کمی، ننگے پاؤں فطرت کے قریب وقت گزارنا اور شکر گزاری کی عادت دل کی صحت کو بہتر بنانے میں نہایت اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔

 معروف ماہر قلب ڈاکٹر وولفسن کے مطابق جتنا زیادہ وقت کوئی شخص کھلی ہوا اور قدرتی روشنی میں گزارتا ہے، دل کی بیماریوں کا خطرہ اتنا ہی کم ہو جاتا ہے۔ فطرت میں وقت گزارنے سے جسمانی حرکت میں اضافہ ہوتا ہے جو دل کے لیے فائدہ مند ہے۔

ڈاکٹر وولفسن نیند کو بھی دل کی صحت کا ایک بنیادی ستون قرار دیتے ہیں۔ ان کے مطابق موجودہ نیند کے وقت کو اگر ایک گھنٹہ پہلے کر لیا جائے تو یہ دل کو مطلوبہ آرام فراہم کرتا ہے اور ہارمونز کے توازن کو بہتر بناتا ہے، جو صحت مند دل کے لیے ضروری ہے۔

ٹیکنالوجی کے حد سے زیادہ استعمال سے بھی دل متاثر ہو سکتا ہے۔ ماہرین تجویز کرتے ہیں کہ اسکرین ٹائم میں کمی لائی جائے، کیونکہ اس سے نہ صرف بہتر نیند ممکن ہوتی ہے بلکہ تناؤ میں کمی آتی ہے اور فرد صحت مند طرزِ زندگی پر عمل کرنے کے لیے زیادہ وقت نکال سکتا ہے۔

ڈاکٹر وولفسن نے فطرت میں ننگے پاؤں کھڑے ہونے یا ارتھنگ کو بھی دل کی صحت کے لیے فائدہ مند قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ عمل جسم میں سوزش کو کم کرتا اور خون کی گردش کو بہتر بناتا ہے، جس سے دل پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق شکر گزاری کی عادت بھی نہایت مفید ہے۔ دن میں ایک بار خلوص دل سے خدا کا شکر ادا کرنا نہ صرف ذہنی سکون فراہم کرتا ہے بلکہ تناؤ میں کمی اور موڈ میں بہتری کے ذریعے کورٹیسول کی سطح کم کرتا ہے، جو دل کی مجموعی صحت پر اچھا اثر ڈالتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ چھوٹی مگر مؤثر عادات اگر باقاعدگی سے اپنائی جائیں تو نہ صرف دل کے دورے سے بچا جا سکتا ہے بلکہ مجموعی صحت بھی بہتر بنائی جا سکتی ہے۔

Catch all the صحت News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔