ہفتہ، 11-اکتوبر،2025
ہفتہ 1447/04/19هـ (11-10-2025م)

بیت الخلاء میں موبائل فون استعمال کرنے والوں کیلئے تشویشناک خبر

22 مئی, 2025 11:22

طبی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ بیت الخلاء میں موبائل فون کے استعمال کی عادت انسانی صحت کے لیے انتہائی نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے۔

 حالیہ تحقیق کے مطابق ایسے افراد جو بیت الخلاء میں کموڈ پر بیٹھے ہوئے موبائل فون استعمال کرتے ہیں، ان میں بواسیر کے مرض میں مبتلا ہونے کا خطرہ 46 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔ بواسیر ایک تکلیف دہ بیماری ہے جو زیادہ دباؤ ڈالنے یا طویل وقت تک بیٹھے رہنے کے باعث لاحق ہو سکتی ہے۔

سائنس اور طب سے متعلق معروف ویب سائٹ "سائنس الرٹ” کے مطابق یہ تحقیق امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر سان ڈیاگو میں منعقدہ نظامِ ہضم کے امراض سے متعلق ہفتہ وار اجلاس میں پیش کی گئی۔ تحقیق میں 125 افراد کو شامل کیا گیا جن کے آنتوں کا معائنہ کیا گیا۔ نتائج سے معلوم ہوا کہ ان میں سے 40 فیصد سے زائد افراد بواسیر کا شکار تھے، جبکہ 93 فیصد نے اعتراف کیا کہ وہ کم از کم ہفتے میں ایک بار بیت الخلاء میں موبائل فون استعمال کرتے ہیں۔

تحقیق کے مطابق تقریباً نصف افراد بیت الخلاء میں خبریں پڑھتے ہیں، 44 فیصد سوشل میڈیا استعمال کرتے ہیں، جبکہ 30 فیصد ای میلز یا پیغامات چیک کرتے ہیں۔ بعض افراد نے بتایا کہ وہ ہر بار بیت الخلاء میں چھ منٹ سے زیادہ وقت گزارتے ہیں، اور ان کا ماننا تھا کہ موبائل فون کی وجہ سے وہ غیر ضروری طور پر زیادہ دیر بیٹھے رہتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق بواسیر جسم کے نچلے حصے میں موجود خون کی نالیوں، پٹھوں اور بافتوں کا ایک مجموعہ ہوتا ہے، جو ہر انسان میں قدرتی طور پر موجود ہوتا ہے، تاہم جب ان میں سوجن یا خون آنے لگے تو یہ مرض کی شکل اختیار کر لیتا ہے۔ زیادہ دباؤ ڈالنے یا طویل وقت تک کموڈ پر بیٹھنے کی عادت اس بیماری کی ایک بڑی وجہ ہے۔

ماہرین مشورہ دیتے ہیں کہ بیت الخلاء میں 10 منٹ سے زیادہ وقت گزارنے سے گریز کیا جائے، جبکہ بعض ڈاکٹرز تو اسے تین منٹ تک محدود رکھنے کی تجویز دیتے ہیں۔ ایک پرانی تحقیق میں بھی یہ بات سامنے آئی تھی کہ بواسیر کے 100 مریض وہ تھے جو بیت الخلاء میں طویل وقت تک مطالعہ کرتے تھے، جبکہ ان کے ہم عمر صحتمند افراد میں یہ عادت کم دیکھنے کو ملی۔

Catch all the صحت News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔