ہفتہ، 11-اکتوبر،2025
ہفتہ 1447/04/19هـ (11-10-2025م)

دنیا کا نایاب ترین نیا بلڈ گروپ دریافت؛ نام جانیے

28 جون, 2025 11:25

کیریبین کے جزیرے گواڈیلوپ سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون میں خون کی ایک نئی اور نایاب ترین قسم دریافت ہوئی ہے۔

فرانس کی قومی بلڈ سپلائی ایجنسی "ای ایف ایس” نے ایک حیرت انگیز انکشاف کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ کیریبین کے جزیرے گواڈیلوپ سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون میں خون کی ایک نئی اور نایاب ترین قسم دریافت ہوئی ہے، جسے "گواڈا نیگیٹو” (Gwada Negative) کا نام دیا گیا ہے۔ ای ایف ایس کے مطابق یہ دنیا میں اس خون کی واحد معلوم مثال ہے، اور اس دریافت کو عالمی سطح پر طب کے میدان میں ایک بڑی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

ای ایف ایس نے جمعے کے روز جاری کردہ ایک بیان میں بتایا کہ ادارے نے دنیا کا 48واں خون گروپ سسٹم دریافت کیا ہے۔ یہ دریافت تقریباً 15 سالہ تحقیق کے بعد سامنے آئی، جس کا آغاز 2011 میں اس وقت ہوا تھا جب ایک مریضہ کے خون میں، جو سرجری سے قبل معمول کے ٹیسٹ کروا رہی تھیں، ایک غیر معمولی اینٹی باڈی پائی گئی تھی۔

ابتدائی مرحلے میں محدود وسائل کی وجہ سے تحقیق آگے نہیں بڑھ سکی، تاہم 2019 میں جدید ڈی این اے ٹیکنالوجی کی مدد سے اس خون کی نوعیت کو مکمل طور پر سمجھا گیا۔ تحقیق کی قیادت کرنے والے ماہر تھیری پیراڈ کے مطابق یہ خاتون بلاشبہ دنیا میں اس خون کی واحد معلوم حاملہ ہیں اور وہ خود ہی اپنے خون کے لیے واحد ممکنہ عطیہ دہندہ بھی ہیں۔

"گواڈا نیگیٹو” نہ صرف اس منفرد خون کی قسم کو بیان کرتا ہے بلکہ مریضہ کے آبائی علاقے گواڈیلوپ کی شناخت بھی کراتا ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ نام سادہ، موزوں اور بین الاقوامی سطح پر قابل قبول ہے۔ اس خون کی قسم مریضہ کو والدین سے وراثت میں ملی، جن دونوں میں ایک مخصوص جینیاتی تبدیلی موجود تھی۔

اس دریافت کو جون 2025 میں میلان، اٹلی میں ہونے والی انٹرنیشنل سوسائٹی آف بلڈ ٹرانسفیوژن (ISBT) کی کانفرنس میں باضابطہ طور پر تسلیم کیا گیا۔ اس سے قبل دنیا بھر میں 47 خون کے گروپ سسٹمز کو تسلیم کیا جاتا تھا، اور یہ نیا گروپ 48ویں گروپ کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔

ای ایف ایس کے مطابق نایاب خون کے گروپس کی شناخت طب کے شعبے میں اہم قدم ہے، جو ایسے مریضوں کے علاج میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے جن کے خون کا عمومی گروپ دستیاب نہ ہو۔ اب ماہرین اس نایاب گروپ کے ممکنہ دیگر حاملین کی تلاش میں مصروف ہیں تاکہ مستقبل میں خون کی فراہمی اور ٹرانسفیوژن کے نظام کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔

Catch all the صحت News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔