ہفتہ، 11-اکتوبر،2025
ہفتہ 1447/04/19هـ (11-10-2025م)

ماہرِین غذائیت نے بھیگے باداموں کا چھلکا اتار کر کھانے والوں کو خبردار کردیا

08 جولائی, 2025 12:14

ماہرِین غذائیت نے بھیگے باداموں کا چھلکا اتار کر کھانے والوں کو خبردار کردیا ہے۔

صحت اور غذائیت کی دنیا میں اکثر وہ چیزیں جو ہم معمولی سمجھ کر پھینک دیتے ہیں، درحقیقت ہماری صحت کے لیے نہایت قیمتی ثابت ہو سکتی ہیں۔ مالٹے کے چھلکے، سیب کی جلد، تربوز کے سفید حصے اور بادام کا باریک بھورا چھلکا ان میں شامل ہیں، جو ہمارے جسم کو درکار اہم غذائی اجزاء فراہم کرتے ہیں۔ خاص طور پر بادام کا چھلکا، جسے اکثر لوگ بھگو کر اتار دیتے ہیں، غذائیت سے بھرپور ہوتا ہے اور دل، دماغ اور نظامِ ہاضمہ پر مثبت اثر ڈالتا ہے۔

ماہرِ غذائیت لوونیٹ بٹرا کے مطابق بادام توانائی فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ بلڈ پریشر کو قابو میں رکھنے، موڈ بہتر بنانے، وزن کم کرنے، شوگر کنٹرول کرنے اور ہاضمہ درست رکھنے میں مدد دیتے ہیں۔ ان میں میگنیشیم، فائبر، پروٹین اور اہم امینو ایسڈز شامل ہوتے ہیں جو جسم کے مختلف نظاموں کو بہتر طریقے سے کام کرنے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔

بادام کا چھلکا صرف ایک باریک جلد نہیں بلکہ ایک قیمتی حصہ ہے جس میں پولیفینولز جیسے اینٹی آکسیڈنٹس موجود ہوتے ہیں۔ یہ اجزاء جسم میں سوزش کم کرنے اور بیماریوں کے خلاف مدافعت بڑھانے میں مددگار ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ چھلکے میں موجود وٹامن ای جلد، آنکھوں اور قوتِ مدافعت کے لیے مفید جبکہ فائبر نظامِ ہاضمہ کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

ماہرین کے مطابق بادام کو چھلکے سمیت کھانا زیادہ فائدہ مند ہے، خاص طور پر جب وہ بھیگا ہوا ہو۔ چھلکے میں موجود غذائی اجزاء نہ صرف قوتِ مدافعت بڑھاتے ہیں بلکہ آنتوں کی صحت بہتر بنانے اور سوزش کم کرنے میں بھی مدد دیتے ہیں۔ اگرچہ کچھ لوگ سمجھتے ہیں کہ بادام کا چھلکا ہضم نہیں ہوتا، لیکن صحت مند افراد کے لیے یہ فائبر آنتوں کی حرکت کو بہتر بناتا ہے اور فائدہ مند بیکٹیریا کو فروغ دیتا ہے۔

بچوں اور بزرگوں کو بھی بادام چھلکے سمیت دینا محفوظ ہے، بس بہتر یہی ہے کہ بادام کو باریک پیس کر کھیر یا اسموتھی میں شامل کر دیا جائے تاکہ چبانے میں دشواری نہ ہو۔ بادام بغیر بھگوئے بھی کھائے جا سکتے ہیں، لیکن بھگونے سے یہ نرم ہو جاتے ہیں اور کچھ غذائی اجزاء بہتر انداز میں جذب ہو سکتے ہیں۔ تاہم، اصل فائدہ تبھی حاصل ہوگا جب بادام چھلکے سمیت کھایا جائے۔

بادام کو روزمرہ خوراک کا حصہ بنانے کے لیے کئی مزیدار طریقے بھی اپنائے جا سکتے ہیں۔ جیسے بادام کی چٹنی، مصالحے دار بھنے ہوئے بادام، اوٹس بادام بسکٹ، کیلا بادام دلیہ اور بروکلی بادام سوپ، جو نہ صرف لذیذ بلکہ غذائیت سے بھرپور بھی ہیں۔

یاد رکھیں بادام کا چھلکا پھینک دینا گویا خزانے کا قیمتی حصہ ضائع کرنے کے مترادف ہے۔ لہٰذا اگلی بار جب آپ بادام بھگونے لگیں تو اسے چھلکے سمیت کھانے کو ترجیح دیں تاکہ مکمل غذائی فوائد حاصل کیے جا سکیں۔

Catch all the صحت News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔